ایران سعودی تعلقات میں مثبت پیش رفت ایرانی سفارتکاروں کے لئے سعودی ویزا جاری
تہران (ویب نیوز)ایران سعودی تعلقات میں مثبت پیش رفت کے طور سعودی عرب نے تین ایرانی سفارتکاروں کے لئے ویزا جاری کر دیا ہے۔ ایرانی تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے ایک عہدیدار نے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں تہران کے نمائندے کے لئے ایرانی سفارتکاروں کا ویزا جاری کر دیا۔ سعودی عرب کے عہدیدار نے اس کاروائی کو معمول کے مطابق کاروائی قرار دیا۔امریکی ٹی وی چینل سی این این نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ سعودی عرب نے تین ایرانی سفارتکاروں کو ویزا جاری کر دیا ہے۔ایرانی سفارتکار، اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں ایران کے نمائندے کے طور پر جدہ میں سرگرم رہیں گے۔سی این این نے سعودی عرب کے ایک عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ایرانی سفارتکاروں کے لئے ویزا جاری کیا جانا، ایک معمول کے مطابق کاروائی ہے کیونکہ ایران اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا رکن ہے۔تاہم اسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے ، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے جمعرات کو عراقی وزیر خارجہ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی کہا تھا کہ سعودی عرب نے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں تہران کے نمائندے کے لئے ایرانی سفارتکاروں کا ویزا جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے