عمران خان نے ہدایت دی کہ غریب کے لیے ایسے اقدامات کریں کہ اسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں
وفاقی وزیر خزانہ کا کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ74 سال سے غریب عوام کو خواب د کھائے گئے ،معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے ، اب ایک شخص آیا ہے جو ریاست مدینہ یقین رکھتا ہے اور غریبوں کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ اسلام آباد میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے غریب عوام کے لیے آج ایک بہت بڑا دن ہے ،74 سال میں بھی غریب عوام کو گھر، روٹی پانی اور کپڑے کے خواب ہی دکھائے جارہے ہیں، اور کہا جاتا ہے کہ معیشت ترقی کرے گی اور آپ کو اس کا ثمر ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے غریب عوام نے خوابوں میں ہی اپنی زندگیاں گزاردیں، لیکن اتنے سالوں میں یہ ثمر نہیں ملا۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اب ایک شخص آیا ہے جو ریاست مدینہ پر یقین رکھتا ہے، اس کا ماننا ہے کہ ہم معیشت کو ضرور ترقی دیں گے، عمران خان نے مجھے کہا کہ ہم تمام طبقات کے افراد کو ترقی دیں گے لیکن غریب کی ترقی کے لیے سب سے پہلے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہدایت دی کہ غریب کے لیے ایسے اقدامات کریں کہ اسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت جو انہیں وظیفہ دیتی ہے وہ بھی ان کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ یہ آج ہے کل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ہمیں معلوم ہوا کہ کچھ ادارے ہیں جو چھوٹے قرضے دے سکتے ہیں اور بہت سے لوگ کئی سالوں سے اس طرح کے قرضے دے رہے ہیں، اس لیے ہم نے یہ سکیم بنائی کہ ان اداروں کو بڑے بینک پیسے دیں گے اور یہ آگے عوام کو قرضے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ان قرضوں میں ہر فصل کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے بلاسود قرضے دیے جائیں گے یعنی سال کی دونوں فصلوں کے لیے 3 لاکھ روپے جبکہ زراعت کے ساز و سامان کے لیے 2 لاکھ روپے کے قرضے دیئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کے لیے ایک خاندان کو بلاسود 5 لاکھ سے 25 لاکھ روپے بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔عمران خان نے یہ تہیہ کیا ہوا ہے کہ اگر کسی گھر میں کوئی بیماری ہوگی تو اس میں صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر گھر میں ایک شخص کو ٹیکنکل ٹریننگ دی جائے گی تاکہ وہ ملازمت کر سکے۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی گئی اور آج اس کا ایک بہت بڑا دن ہے، جیسے جیسے یہ پروگرام پورے ملک میں پھیلے گا نچلے طبقے میں خوشحالی آئے گی تو ہی صحیح پاکستان بنے گا اس وقت ہم کہیں گے کہ یہ قائد اعظم کا پاکستان ہے۔انہوں نے تقریب کے شرکا کو کہا کہ جب آپ کو قرضہ ملے تو پہلے پاکستان اور پھر عمران خان کے لیے دعا کریں ان اقدامات کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے، میں آپ کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ جب تک میں وزیر خزانہ ہوں میں عمران خان کا یہ خواب پورا کرتا رہوں گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ قرضے میرٹ کی بنیاد پر منصفانہ انداز میں دیئے جارہے ہیں۔