کراچی میں اومیکرون کے ساتھ ڈیلٹا ویرینٹ کا پھیلاو، ماہرین صحت نے خطرے کی گھنٹی بجادی
ویکسی نیشن کی کمی اومی کرون کوبڑھارہی ہے، کراچی میں ویکسی نیشن کی شرح صرف 40فیصدہے، پروفیسرشاہدرسول
کراچی (ویب ڈیسک)
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں اومی کرون کے ساتھ ڈیلٹا ویرینٹ بھی پھیل رہا ہے، انفیکشن ریٹ بڑھتاہے تولاک ڈائون کی طرف جاسکتے ہیں۔اس ضمن میں وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرشاہدرسول نے کراچی میں اومی کرون کے پھیلائو کے حوالے سے بتایاکہ ویکسی نیشن کی کمی اومی کرون کوبڑھارہی ہے، کراچی میں ویکسی نیشن کی شرح صرف 40فیصدہے، کروڑوں کی آبادی والے شہرمیں ویکسین کی شرح اتنی کم ہے۔انہوں نے کہاکہ اومی کرون کی زیادہ سے زیادہ تصدیق کیلئے جینوم سیکوئنسنگ بڑھاناہوگی کیونکہ اومی کرون کے ساتھ ڈیلٹا ویرینٹ بھی پھیل رہا ہے۔وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے بتایا کہ رواں ہفتے 8 فیصدتک انفیکشن کی شرح بڑھی ہے، انفیکشن ریٹ بڑھتاہے تولاک ڈائون کی طرف جاسکتے ہیں، اب یہ فیصلہ حکومت کوکرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈائون انفیکشن کے ریٹ سے مشروط ہے، اسپتالوں میں ابھی بوجھ نہیں پڑا لیکن ویکسی نیشن بڑھانا ہوگی اورایس اوپیزپرعمل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ شہرِ قائد میں جتنے کیسز مثبت آ رہے ہیں زیادہ تر میں اومی کرون کی تصدیق ہو رہی ہے۔