وزیر اعظم عمران خان 3 سے 5 فروری کو بیجنگ کا دورہ کریں گے، ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مابین سی پیک سمیت تمام امور پر گفتگو کی جائے گی
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی ہفتہ وار بریفنگ
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچاسکتا ہے، عالمی برادری بھارتی عزائم کا نوٹس لے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورت حال کو اجاگر کرتا رہے گا، مودی سرکار بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے، وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت کی دعوت پر 3 سے 5 فروری کو بیجنگ جائیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ہونا ضروری ہے، آبی امور پر دونوں ممالک کے درمیان میکنزم بھی موجود ہے اور یہ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دوست ممالک کو آگاہ کردیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا سکتا ہے، عالمی برادری بھارتی عزائم کا نوٹس لے، پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور دوستانہ ہمسائیگی کا خواہاں ہے، تاہم دونوں ممالک کے مابین معنی خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر بحیثیت اہم فریق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے، ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو انتہائی خطرناک نہج پر لیجا رہا ہے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتا رہے گا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر اقلیتوں کے خلاف مظالم کو نوٹس لے، مودی سرکار بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ2021میں کم سے کم 210 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔انھوں نے کہا ہم بھارت میں مسلمان خواتین کی تضحیک اور ان کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہیں ۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم اگلے ماہ چین کا دورہ کریں گے، چین میں وزیر اعظم سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مابین سی پیک سمیت تمام امور پر گفتگو کی جائے گی۔ترجمان نے کہا 5 جنوری کو گلف کوآپریشن کونسل کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کا دورہ کیا، جس سے پاکستان اور جی سی سی ممالک میں تعاون بڑھانے کا موقع ملا، 25 رکنی سعودی فوجی وفد نے بھی 10 جنوری کو دفتر خارجہ کا دورہ کیا،