وفاقی وزراء اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت150سے زائد ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل
قومی اسمبلی کے 36، سینیٹ 3اور پنجاب 69،سندھ 14 ، خیبرپختونخوا 21 اور بلوچستان اسمبلی کے 7 اراکین شامل
الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کرنے پر نور الحق قادری، فرخ حبیب، حماد اظہر اورشفقت محمود ، فہمیدہ مرزا کی رکنیت معطل کر دی
عامر لیاقت، راجہ ریاض، صداقت عباسی، خالد مقبول صدیقی، مراد علی شاہ ، راجہ پرویز اشرف ، اویس لغاری ، سردار یار محمد رند ، مصدق ملک،سکند رمندھرو بھی شامل
معطل اراکین اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں میں شرکت کر سکیں گے اور نہ ہی کسی بھی قسم کی قانون سازی میں بھی شریک ہوں گے،الیکشن کمیشن
اسلام آباد(ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کرنے پر وفاقی وزراء اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت150سے زائد ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 36، سینیٹ 3اور پنجاب اسمبلی کے 69،سندھ اسمبلی کے 14،خیبرپختونخوا اسمبلی کے 21 جبکہ بلوچستان اسمبلی کے 7اراکین کی بھی رکنیت معطل کی ہے۔جن ارکان کی رکنیت معطل ہوئی ہے ان میں وفاقی وزیرمذہبی امور نور الحق قادری، وزیر مملکت فرخ حبیب، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہیں۔ان کے علاوہ فہمیدہ مرزا ، عامر لیاقت، راجہ ریاض، صداقت عباسی، خالد مقبول صدیقی کی بھی رکنیت معطل ہے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی بھی رکنیت معطل کی گئی ہے۔پنجاب اسمبلی کے اویس لغاری اور بلوچستان اسمبلی سے سردار یار محمد رند کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک اور سینیٹر سکند رمندھرو کی رکنیت بھی معطل کی ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ معطل اراکین اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی کسی بھی قسم کی قانون سازی میں بھی شریک ہوں گے۔