نئی دہلی (ویب ڈیسک)

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا کیسز میں کمی کے باوجود ہفتہ وار کرفیو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے کووڈ کیسز میں کمی کے بعد ہفتہ وار کرفیو اٹھانے کی سفارش کی گئی تھی جسے نئی دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے قبول نہیں کیا اور شہر میں ہفتہ وار کرفیو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ شہر میں کورونا وائرس کی صورتحال ایک مرتبہ بہتر طریقے سے قابو ہونے پر ہفتہ وار کرفیو اٹھانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا جب کہ گورنر آفس نے مارکیٹیں کھولنے کے حوالے سے بھی حکومت کی سفارش کو ویٹو کردیا ہے۔تاہم لیفٹیننٹ گورنر نے حکومت کی جانب سے نجی دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی سفارش کو منظور کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں گذشتہ روز کورونا کے 12300 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیسز کی شرح میں 10.72 فیصد کمی تھی تاہم اس دوران 43 اموات بھی ہوئیں جو گزشتہ سال جون میں ہونے والی 44 ہلاکتوں کے بعد سب سے زیادہ نمبر ہے۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہیکہ نئی دہلی میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے اور گزشتہ چند روز میں کیسز 30 ہزار سے کم ہوکر 13 ہزار تک آچکے ہیں جب کہ گزشتہ ایک ہفتے میں کیسز 23 ہزار سے کم ہوکر 16 ہزار تک آچکے ہیں تاہم نئی دہلی میں اب بھی کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 70 ہزار ہے اور مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد ہے۔دوسری جانب بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 47 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے اور 700 اموات ہوئیں۔