60 ارب کی36 پراپرٹیز واگزار،232ہاؤسنگ سوسائیٹز کی جیو ٹیگنگ، فراڈ کے سدباب کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ،بریفنگ
صوبے میں لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے کسانوں کو ترجیحی بنیادوں پر قرضے فراہم کئے جائیں:وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی اوردیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی کی گئی۔ کو آپریٹو سوسائیٹز ایکٹ 1925میں96سال کے بعد دور حاضر سے ہم آہنگ کرنے کیلئے 24 ضروری ترامیم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ ہاؤسنگ سوسائیٹزمیں لینڈ ریکار ڈکی کمپیوٹرائزیشن کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بارانی علاقوں کیلئے بلاسود ٹریکٹر سکیم لانچ کرنے کاحکم دیا اور ہدایت کی کہ کوآپریٹوڈیپارٹمنٹ لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے کسانوں کو ترجیحی بنیادوں پر قرضے فراہم کرے۔ اجلاس میں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک میںضروری خالی آسامیوں پر بھرتی کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کوکمرشل اراضی کے استعمال کا قابل عمل پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ریگل چوک میں 4کنال اراضی پر کمرشل بلڈنگ پارکنگ پلازہ بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اور کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی واگزار اراضی سیاحت کیلئے استعمال کرنے پربھی غور و خوض کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی 60ارب روپے مالیت کی36پراپرٹیز واگزار کرائی گئی ہیں۔کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی 112قیمتی پراپرٹیزکوبہتر استعمال کیلئے پیش کرے گا۔کمرشل پراپرٹیز کو نیلام عام کے ذریعے فروخت کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے ۔کاشتکاروں کی سہولت کیلئے پنجاب میں 21فارم سروسز سینٹر بحال کئے جارہے ہیں ۔مری ،کہوٹہ اورکوٹلی ستیاں میں گذارا فارسٹ کو آپریٹو سکیم فعال کی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ1ارب53کروڑ کے قرضوں سے 98.7فیصد وصولیاں کرچکا ہے۔ 232ہاؤسنگ سوسائیٹز کی جیو ٹیگنگ بھی کی جائے گی۔ فراڈ کے سدباب کیلئے کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ ہاؤسنگ سوسائیٹز میں بائیو میٹرک سسٹم نافذ کیا جارہاہے ۔پنجاب پراونشل کو آپریٹو بنک میں ٹرانزیکشن مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ،سیکرٹری کو آپریٹواوردیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی