بلدیاتی اداروں کی قانون سازی ہو یا الیکشن کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ انشاء اللہ اتحادیوں سے مل کر فیصلے کریں گے: گورنر پنجاب
چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی ملاقات، چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی
بلدیاتی نظام پر پنجاب اسمبلی میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لے کر شق وار فیصلے کرنا نہایت اچھی کاوش ہے
صوبے میں پرائیویٹ یونیورسٹیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، بہتر معیار کے ساتھ نئی فیکلٹیاں بنائی گئیں جو بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے کسی بھی طرح کم نہیں، انشاء اللہ طلبا کو اعلیٰ تعلیم کیلئے باہر جانے کی ضرورت نہیںپڑے گی: چودھری پرویزالٰہی، چودھری سرور
لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کیلئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور ان کی رہائش گاہ پر گئے۔ اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین ایم این اے بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی قانون سازی ہو یا الیکشن کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہم انشاء اللہ تمام اتحادیوں سے مل کر فیصلے کریں گے۔ گورنر پنجاب نے اس بات کو بھی سراہا کہ پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی نظام پر اپوزیشن کی تمام پارلیمانی جماعتوں کو آن بورڈ لے کر شق وار فیصلے کرنا نہایت اچھی کاوش ہے، اتفاق رائے سے بل کی اہمیت اور لاگو کرنے میں آسانیاں ہوں گی، سندھ میں بلدیاتی نظام پر جو مسائل سامنے آ رہے ہیں وہ انشاء اللہ پنجاب میں نہیں ہوں گے اس سے مثبت پیغام جائے گا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ صوبے میں پرائیویٹ یونیورسٹیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، اس پر بھی پنجاب اسمبلی سے اتفاق رائے سے بل پاس ہوئے، یونیورسٹیوں میں بہتر معیار کے ساتھ نئی فیکلٹیاں بنائی گئیں جو بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے کسی بھی طرح کم نہیں، انشاء اللہ طلبا کو اعلیٰ تعلیم کیلئے باہر جانے کی ضرورت نہیںپڑے گی