سروں کی ملکہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر 92 برس کی عمر میں چل بسیں
گلوکارہ کوکورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث بریچ کینڈی ہسپتال میں زیر علاج تھیں
ممبئی(ویب نیوز) سروں کی ملکہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر 92 برس کی عمر میں چل بسیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکارہ لتا منگیشکر اتوار کی صبح ممبئی کے ہسپتال میں چل بسیں،بریچ کینڈی ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر این سنتھانم نے بتایا کہ لتامنگیشکر ان کے ہسپتا ل میں کووڈ 19 کے مریض کے طور پر داخل ہوئی تھیں۔ ان کا کورونا کا علاج کیا گیا تھا لیکن بعد میں وہ کووڈ پیچیدگیوں کی وجہ سے انتقال کرگئیں۔۔ لتا منگیشکر کو جنوری میں کورونا وائرس اور نمونیا کی تشخیص پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔26 جنوری کو ان کی حالت میں بہتری پروینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا تھا، حالت دوبارہ بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر پھر منتقل کر یا گیا تھا۔بریچ کینڈی ہسپتال سے تعلق رکھنے والے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پریت صمدانی پچھلے کئی برس سے لتا منگیشکر کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔ عوام شیواجی پارک میں لیجنڈری گلوکارہ کی میت کا دیدار کر سکیں گے۔92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں زیرِ علاج تھیںتھے۔ گلوکارہ لتا منگیشکر 1929 میں پیدا ہوئی تھیں، لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کا تعلق موسیقی کے گھرانے سے تھا۔ ان کے والد ایک مشہور مراٹھی موسیقار اور تھیٹر آرٹسٹ تھے، لتا منگیشکر نے اپنے والد سے موسیقی سیکھی۔لتا منگیشکر نے 1943 میں ریلیز ہونے والی مراٹھی فیچر گجا بھا کے لیے اپنا پہلا ہندی گانا ماتا ایک سپوت کی دنیا بدل دے تو ریکارڈ کیا۔انہوں نے ہندی، بنگالی، مراٹھی اور دیگر علاقائی زبانوں میں گانوں کو اپنی آواز دی ہے۔ انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ، بھارت رتن، پدم وبھوشن اور پدم بھوشن کے ساتھ ساتھ کئی قومی اور فلم فیئر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ سنیما اور فنون کے شعبے میں لتا منگیشکر کی شراکت کے لیے ان کو 1969 میں پدم بھوشن، 1999 میں پدم وبھوشن اور 2001 میں بھارت رتن سے نوازا گیا۔ انہیں 1989 میں حکومت ہند اور فرانس کے اعلی ترین اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ان اعزازات کے علاوہ، لتا منگیشکر نے بہترین پلے بیک سنگنگ کے زمرے میں چار فلم فیئر ایوارڈز بھی جیتے ۔ انہیں 1993 میں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا تھا۔ لتا منگیشکر کے کچھ مقبول ترین ٹریکس ہیں تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم، گوری ہے کلائیاں، لگ جا گلے، ساون کا مہینہ۔لتا ان نایاب گلوکاروں میں سے ایک تھیں جنہوں نے نہ صرف ہندی بلکہ کئی غیر ملکی زبانوں میں بھی گایا۔