علی امین گنڈا پور الیکشن مکمل ہونے تک جلسے یا سیاسی ریلی سے خطاب نہیں کرسکتے،الیکشن کمیشن
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 13فروری کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے میئر کی نشست کے امیدوار عمر امین گنڈاپور کو نااہل قراردے دیا۔ جبکہ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیروگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کو ڈیرہ اسماعیل خان جانے کی اجازت دے دی ۔الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالہ سے کیس کا محفوظ فیصلہ پیر کے روز سنا دیا۔ الیکشن کمیشن نے اپنا مختصر فیصلہ جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے قراردیا ہے کہ علی امین گنڈاپور ، ڈیرہ اسماعیل خان میں داخل تو ہوسکتے ہیںلیکن الیکشن مکمل ہونے تک کسی جلسے یا سیاسی ریلی سے خطاب نہیں کرسکتے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں قراردیا ہے کہ اگر علی امین گنڈاپور نے الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تو الیکشن کمیشن ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن نے کئی مرتبہ علی امین گنڈاپور کو نوٹسز جاری کئے تھے اورانہیں 50ہزار روپے جرمانہ بھی کیا تھا تاہم متواتر خلاف ورزیوں پر انہیںضلع بدرکرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ علی امین گنڈاپور نے ضلع بدرکرنے کے حکم کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کی تھی۔