اسلام آباد (ویب ڈیسک)
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس طہر من اللہ نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین خان گنڈاپور کو ڈیرہ اسماعیل خان کے تحصیل میئر کاانتخاب لڑنے کے لئے اہل قراردیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ کالعدم قراردے دیا۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو میئر کاالیکشن لڑنے سے روکنے کے حوالہ سے الیکشن کمیشن کے احکامات غیر قانونی تھے لہذاانہیں کالعدم قراردیا جاتا ہے۔جبکہ عدالت نے علی امین گنڈاپور کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی آبزرویشنز کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔ الیکشن کمیشن نے قراردیا تھا کہ علی امین گنڈاپور کسی انتخابی مہم اور سیاسی جلسے سے خطاب نہیں کرسکتے۔ جبکہ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نااہل قراردینے کا فیصلہ بھی کالعدم قراردے دیتے ہوئے قراردیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں بطور ایم پی اے نااہل قراردینے کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں تاہم عدالت نے شاہ محمد خان کے بیٹے ہارون الرشید کو بکاخیل کا الیکشن لڑنے کے لئے نااہل قراردے دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد نے دونوں کیسز کا مختصر فیصلہ جاری کیا۔