اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہم ان کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تاریخ ساز اقدامات اٹھا رہے ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاونٹس (RDA) سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ "بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کے حقوق کی فراہمی، ان کے پاور آف اٹارنی اور جانشینی کے سرٹیفکیٹس کا آن لائن اجرا جیسے حکومتی اقدامات ان کی فلاح و بہبود اور سہولت کے لیے دور رس نتائج کے حامل ہوں گے۔اجلاس میں وزیر اعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں اپنی رقوم پاکستان بھیجنے کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاونٹس (RDA) کی شاندار کامیابی پرتفصیل سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اب تک 3 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر آر ڈی اے (RDA) کے ذریعے موصول ہو چکی ہیں۔وزیر اعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آر ڈی اے (RDA) کے ذریعے اپنی رقوم پاکستان بھیجنے کے لیے آن لائن ریئل ٹائم بنیادوں پر سہولت فراہم کرے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو RDA کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ترغیب دینے کے لیے موثر مارکیٹنگ مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیراعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی ایوب آفریدی، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔