فضل الرحمان ہماری انشورنس ہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں: فواد چودھری
اسلام آباد( ویب نیوز)اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے واضح انداز میں کہا ہے کہ اپوزیشن کے اپنے لوگ انکے ساتھ نہیں ہیں، مسلم لیگ (ن) فیملی لمٹیڈ پارٹی بن چکی۔ فضل الرحمان ہماری انشورنس ہیں، بلاول بھٹو،مولانا فضل الرحمان جیسے لوگوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے باہرجانے پرمخالفت کی تھی، ان جیسا بندہ جب باہربیٹھ جاتا ہے تو پھر انٹرنیشنل سٹیبلشمنٹ کا پلیئر بن جاتا ہے، سابق وزیراعظم پچھلی دفعہ بھی جب ملک آئے تو ڈیل کرکے آئے تھے، نوازشریف اگر واپس آجائیں گے تو پھرپتا چل جائے گا کیا ہو رہا ہے۔ ان کے بارے سب کوپتا ہے کسی ڈیل کے بغیرواپس نہیں آئیں گے، موجودہ اپوزیشن سے حکومت کوکوئی خطرہ نہیں۔اپوزیشن کے احتجاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اب تک اپوزیشن چار مارچ کر چکی ہے، 1300سے زائد مرتبہ یہ حکومت گرانے کی کوشش کرچکے ہیں، ساری اپوزیشن چوں، چوں کا مربہ ہے، میڈیا میں ان کو اتنی زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔ مولانا پہلے لانگ مارچ میں بھی یہی کہتے تھے ادارے ایک پیج پرنہیں رہے، ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز، پی پی چیئر مین بلاول بھٹوبھی کہتے رہے حکومت چلی جائے گی، یہ وہی باتیں کر رہے ہیں جو پہلے لانگ مارچ میں کر رہے تھے۔فواد چودھری نے کہا کہ اداروں اور وزیراعظم کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے، ایسے مثالی تعلقات پہلے نہیں تھے، پیپلزپارٹی،(ن) لیگ نے تسلیم کرلیا ہے یہ علاقائی جماعتیں ہیں، اپوزیشن کو میچورہونے میں بڑا وقت لگے گا، بلاول بھٹو،مریم صفدرکوپہلے میئرکا الیکشن لڑنا چاہیے، کیا دنیا کا کوئی ملک مولانا فضل الرحمان جیسے شخص کو لیڈرمانے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے چین کا کامیاب دورہ کیا، یہاں پر وزیراعظم کے کامیاب دورہ چین پربات نہیں ہوئی، جب تک حکومت تگڑی ہے کوئی نہیں چھوڑکرجائے گا، عقل مند لوگوں کوپتا ہے اگروزیراعظم کو چھوڑیں گے توتنہا رہ جائیں گے، خواجہ آصف جیسے لوگ کدھر ہیں، اپوزیشن کے اپنے لوگ ان کے ساتھ نہیں ہیں، مسلم لیگ(ن)فیملی لمٹیڈ پارٹی بن چکی ہے۔ فضل الرحمان ہماری انشورنس ہیں، بلاول بھٹو،مولانا فضل الرحمان جیسے لوگوں سے کوئی خطرہ نہیں