سکیورٹی فورسز کا آپریشن، کیچ دہشتگردی میں ملوث 6  دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (ویب  نیوز)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق  بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ میں سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردی کرنے والے 6  دہشت گردوں کو ہلاک کر ڈالا۔ اس دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد کیچ میں سیکیورٹی فورسز پر حملے اور دیگر تخریبی کاررائیوں میں ملوث تھے ،یاد رہے کہ آئی ایس پی آر نے 5 فروری کو تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا، کارروائی میں 20 دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے تھے۔