6 سے8 ماہ بعد مہنگائی کا زور ٹوٹ جائے گا، شوکت ترین
موٹرسائیکل اور چھوٹی گاڑیوں والوں کیلئے چند دنوں میں پروگرام لائیں گے، وزیر خزانہ کا انٹرویو
اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ موٹرسائیکل اور چھوٹی گاڑیوں والوں کیلئے پروگرام جلد لائیں گے،6سے8ماہ بعد مہنگائی کا زور ٹوٹ جائے گا۔یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیٹرول پیدا نہیں درآمد کرتا ہے اور عالمی منڈی میں پیٹرول95ڈالر فی بیرل تک چلا گیا ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ ہم نے پیٹرول پر سیلز ٹیکس زیرو کردیا، پیٹرولیم لیوی30روپے سے کم کرکے10روپے کردی ہے، ٹیکسز میں کمی سے ماہانہ70ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام پر اب مزید بوجھ نہیں ڈالنا ہے، سوچ رہے ہیں کہ لوئر مڈل کلاس طبقے کی کیسے مدد کی جائے؟انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیکل اور چھوٹی گاڑیوں والوں کیلئے چند دنوں میں پروگرام لائیں گے، مہنگائی کا توڑ اور آمدن بڑھانے پر زور ہمارا سلوگن ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسااقدام کریں گے کہ تنخواہ دارطبقے کی آمدن میں اضافہ ہو، آمدنی بڑھے گی تو مڈل کلاس مہنگائی بھی برداشت کرسکے گا۔وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان مزدور کی کم سے کم تنخواہ میں بھی مزید اضافہ کرینگے، اگلے 6سے8ماہ بعد مہنگائی کا زور ٹوٹ جائے گا