عمران خان عوام کی مزید بددعائیں نہ لیں، گھر جائیں،شہباز شریف
ملک اورعوام کا معاشی دیوالیہ اور حکمرانوں کی آمدن میں اضافہ ہوچکا ہے
عوام کو مہنگا ترین وزیراعظم قبول نہیں، پیٹرول بم گرانے کے بعداب بجلی 6 روپے سے زائدد مہنگی کی جارہی ہے
عوام کی سانس بند کرنے والے اقتدار میں رہنے کا حق کھو چکے ہیں، کاروباری برادری پریشان، عوام بے حال اور حکمران حالت انکار میں ہیں
عمران نیازی اتحادیوں کو وزارتوں کاریلیف دے سکتے ہیں لیکن ان کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں، قائد حزب اختلاف
لاہور( ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے ،عوام کو مہنگا ترین وزیراعظم قبول نہیں،عمران خان عوام کی مزید بددعائیں نہ لیں، گھر جائیں ۔ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ملک اور عوام کا معاشی دیوالیہ اور حکمرانوں کی آمدن میں اضافہ ہوچکا ہے، عوام کی سانس بند کرنے والے اقتدار میں رہنے کا حق کھو چکے ہیں۔ پیٹرول بم گرانے کے بعداب بجلی 6 روپے سے زائدد مہنگی کی جارہی ہے، عوام کو مہنگا ترین وزیراعظم قبول نہیں لہذا عمران نیازی گھر جائیں۔شہباز شریف نے مزید کہاکہ عمران نیازی پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں، عوام کی مزید بددعائیں نہ لیں اور خدا کا خوف کریں، کاروباری برادری پریشان، عوام بے حال اور حکمران حالت انکار میں ہیں،حکومت کو عالمی منڈی میں صرف اضافہ نظر آتا ہے کمی نہیں، عوام کو ریلیف تو نہ مل سکا، پونے چار سال سے حکومت صرف بہانے اور پیسے بنارہی ہے، ملک اور عوام کا معاشی دیوالیہ اور حکمرانوں کی آمدن میں اضافہ ہوچکا ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پہلے ہی پیٹرول کی قیمت میں ظالمانہ اضافے سے آٹا چینی، کرائے سمیت ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے اور اب پٹرول کی فی لیٹر قیمت 12 روپے اضافے کے بعد ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی، پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 4 روپے اضافہ عوام پر ایک اور ظلم ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف کے مفاد میں قانون سازی کرلیتی ہے، حکومت عوام کے ریلیف کے لیے دو تہائی کا جھوٹ گھڑ لیتی ہے، عمران نیازی اتحادیوں کو وزارتوں کاریلیف دے سکتے ہیں لیکن ان کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ نہیں ، رواں مالی سال کے 7ماہ میں خام تیل اور آئل امپورٹ بل 11.7 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچنا تباہی کا تسلسل ہے، انرجی امپورٹس میں 125 فیصد کا ہوشربا اضافہ باعث تشویش ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو قابو کرنے کے بجائے مخالفین کو قابو کرنے میں مصروف ہے لیکن عوام کی سانس بند کرنے والے اب اقتدار میں رہنے کا حق کھو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کا چولہا نہیں جل رہا لیکن ان کا دل جل رہا ہے۔