پیکا اور الیکشن کا آرڈیننس جاری ، جعلی خبر پر5سال سزا ،کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا، فروغ نسیم
خاتون اول سے متعلق طلاق کی جھوٹی خبریں چلائی گئیں، پیکا آرڈیننس کے تحت کسی کو بھی کارروائی سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا
قانون سے میڈیا کو کنٹرول کرنے کا ہرگز مقصد نہیں،تنقید کا آئینی حق سب کو حاصل ہے لیکن جھوٹی خبریں نہیں ہونی چاہیے
کچھ صحافی ہیں جو فیک نیوز کے ذریعے معاشرے میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ پاکستان کے دوست نہیں
ہمارے پڑوسی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، ڈس انفارمیشن لیب کی مثال ہمارے سامنے ہے جس کے پیچھے بھارت تھا
6 ماہ کے اندر ٹرائل مکمل نہ ہوا تو ہائی کورٹ متعلقہ جج سے تاخیر سے متعلق سوال کرے گی، تسلی بخش جواب نہ د ینے پر جج کے خلاف کارروائی ہوگی
ایچ آر سی پی نے اگر درست طرح اس مجوزہ قانون کو پڑھا ہے تو مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی رائے پر نظرثانی کریں گے، وزیر قانون کی پریس کانفرنس
کراچی(ویب نیوز) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پیکا اور الیکشن کا آرڈیننس جاری ہو گیا، عدالت جعلی خبر پر 6 ماہ میں فیصلہ سنائے گی ،جعلی خبر دینے والے کی ضمانت نہیں ہوگی،5 سال تک سزا دی جا سکے گی اور پیکا آرڈیننس کے تحت کسی کو بھی استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا،معاشرے سے فیک نیوز کا خاتمہ ضروری ہے، خاتون اول سے متعلق طلاق کی جھوٹی خبریں چلائی گئیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ فیک نیوز کا قلع مقع کرنے کے لیے قانون بڑا ضرروی ہے، اس لیے اب فیک نیوز پھیلانے والوں کو 3 سال کی جگہ 5 سال سزا ہوگی، یہ جرم قابل ضمانت نہیں ہوگا اور اس میں بغیر وارنٹ گرفتاری ممکن ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پیکا قانون سب کے لیے ہو گا، معروف شخصیات سے متعلق جھوٹی خبروں کے خلاف شکایت کنندہ کوئی عام شہری بھی ہوسکتا ہے، حکومت پہلی بار جرنلسٹس پروٹیکشن بل لائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس کے تحت 6 مہینے کے اندر اس کیس کا ٹرائل مکمل کرناہوگا، اگر 6 مہینے کے اندر ٹرائل مکمل نہ ہوا تو ہائی کورٹ متعلقہ جج سے تاخیر سے متعلق سوال کرے گی، اگر جج تسلی بخش جواب نہ دے سکا تو جج کے خلاف قانون کے تحت کاروائی ممکن ہوگی۔وزیر قانون نے کہا کہ پیکا اور الیکشن کا آرڈیننس جاری ہو گیا ہے، پیکا والے قانون کی ڈرافٹنگ میں نے کی ہے جبکہ الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کا ایکٹ بابر اعوان نے بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا آپ سب سے سوال ہے کہ کیا ہم نہیں چاہتے کہ فیک نیوز نہیں ہونی چاہیے؟ خبر معاشرے کی بنیادوں میں سے ایک ہوتی ہے اور اگر کسی معاشرے کی بنیاد جھوٹ پر رکھی جائے گی تو اس کا کیا بنے گا؟انہوں نے کہا کہ اس قانون سے میڈیا کو کنٹرول کرنے کا ہرگز مقصد نہیں ہے، آپ تنقید کے لیے بالکل آزاد ہیں، لیکن اعتراض صرف یہ ہے کہ فیک نیوز نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پیکا میں جو آرڈیننس آیا ہے اس میں سزا 3 سال سے 5 سال تک ہے، اس کا شکایت کنندہ کوئی بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ صحافی ہیں جو فیک نیوز کے ذریعے معاشرے میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ پاکستان کے دوست نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، ڈس انفارمیشن لیب کی مثال ہمارے سامنے ہے جس کے پیچھے بھارت تھا،انہوں نے کہا کہ یہ آرڈیننس بڑا ضروری تھا، وزیراعظم نے مجھ سے، فواد چوہدری سے، اٹارنی جرنل سے اور شیخ رشید سے اس پر مشاورت کی جس کے بعد پیکا کی یہ ترامیم تیار کی ہیں۔پیکا آرڈیننس کے تحت وزیراعظم کے خلاف بھی اپیل کا حق موجود ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پیکا آرڈیننس کے تحت کسی کو بھی کاروائی سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا، یہ سب پر لاگو ہوگا، تنقید کا آئینی حق سب کو حاصل ہے، لیکن جھوٹی خبریں نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی پاکستانی صحافی جھوٹی خبریں نہیں دیتا، یہ جھوٹی خبریں دینے والے محض وہ لوگ ہیں جن کا کوئی پرسنل ایجنڈا ہوتا ہے یا پھر ایسی خبروں کے ذریعے ہیجان پھیلانے کے پیچھے انڈیا ہوتا ہے، اس سب کو روکنا انتہائی ضروری ہے۔آرڈیننس کے آرٹیکل 19اور 19اے سے متصادم ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ آئین میں شامل کوئی ایک شک ایسی دکھا دیں جو یہ کہتا ہو کہ فیک نیوز پھیلانا آپ کا آئینی حق ہے، آئین کے مطابق ایساحق کسی کو حاصل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس گلزار احمد کے بارے میں نامناسب زبان استعمال کی گئی، کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا، اسی طرح خاتونِ اول اور عمران خان کے بارے میں غلط معلومات پھیلائی گئیں کہ انہوں نے گھر چھوڑ دیا ہے، فرض کریں خدانخواستہ کسی صحافی کی طلاق سے متعلق ایسی من گھڑت خبریں چلا دی جائیں تو کیا ردعمل آئے گا؟انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس کی مدد سے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ہتک عزت کا کیس کیا جاسکے گا، اور کرمنل آفینس کے تحت کاروائی بھی کی جاسکے گی جسے 6 مہینوں میں نمٹانا لازمی ہوگا،انہوں نے کہا کہ 6 مہینے کی مدت اسی لیے رکھی ہے تاکہ عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد رہے، غیرضروری وجوہات کی بنیاد پر تاخیر کی گئی تو متعلقہ جج پر لازم ہوگا کہ چیف جسٹس کو خط لکھ کر وجوہات سے آگاہ کریں۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان(ایچ آر سی پی)کے اس قانون سے متعلق تحفظات پر سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ایچ آر سی پی نے اگر درست طرح اس مجوزہ قانون کو پڑھا ہے تو مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی رائے پر نظرثانی کریں گے، ایچ آر سی پی یہ نہیں کہہ سکتا کہ آپ فیک نیوز چلائیں اور اس پر سزا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر نیب یا کوئی اور محکمہ کسی کے خلاف کوئی الزام لگاتا ہے اور وہ غلط ثابت ہوتا ہے تو بھی متاثرہ شخص عدالت میں جا سکتا ہے۔