جرمنی نے روس کے ساتھ نارڈ اسٹریم ٹو گیس پائپ لائن منصوبہ روک دیا

لندن / کینبرا /  ٹوکیو  (ویب ڈیسک)

یورپی ملکوں نے روس کی معیشت پر حملہ کر دیا۔ برطانیہ نے پانچ روسی بینکوں کے اثاثے منجمد کر دئیے۔ بورس جانسن نے تین روسی ارب پتی شخصیات پر سفری پابندیوں کا اعلان بھی کیا۔ جرمنی نے روس کے ساتھ نارڈ اسٹریم ٹو گیس پائپ لائن منصوبہ روک دیا۔ یورپی یونین نے روسی  پارلیمنٹ کے تمام ارکان پر پابندیاں عائد کر دیں۔ روس کی امریکی ڈالر تک رسائی روکنے اور برآمدات، درآمدات پر پابندی پر بھی غور جاری ہے۔ امریکا نے روس کے دو بڑے مالیاتی اداروں پر پابندیاں عائد کیں۔ ان اداروں میں ڈبلیو ای بی اور روس کا ملٹری بینک شامل ہے۔ بائیڈن نے روسی معیشت کے کچھ حصوں کو بین الاقوامی مالیاتی نظام سے منقطع کرنے کا اعلان کیا۔ پیوٹن کے قریبی سیاستدانوں اور ان کے خاندان کے خلاف مزید پابندیاں بھی متوقع ہیں۔

 

یوکرین بحران ‘جاپان اورآسٹریلیا نے بھی روس پرپابندیاں عائد کردیں

یوکرین کی سالمیت کونقصان پہنچا کرعالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، جاپانی وزیراعظم

روسی فوج کی مشرقی یوکرین میں نقل وحرکت دراصل حملہ ہے، آسٹریلوی وزیراعظم

 یوکرین بحران پرامریکا اوربرطانیہ کے بعد جاپان اورآسٹریلیا نے بھی روس پرپابندیاں عائد کردیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے وزیراعظم فومیوکی شی دہ نے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں روسی بانڈز کے اجرا پرپابندی لگائی جارہی ہے اورکچھ روسی شہریوں کے اثاثے منجمد کئے جارہے ہیں۔ جاپانی وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ روس نے یوکرین کی سالمیت کونقصان پہنچا کرعالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔جاپان ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے روس سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سفارتی بات چیت کی طرف واپس آئے۔ دوسری جانب آسٹریلیا نے بھی روس پرپابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیا کی سیکورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے کہا کہ دیگرممالک کے ساتھ روس کے متنازع اقدامات کیخلاف کھڑے ہیں۔روسی فوجیوں کی مشرقی یوکرین میں نقل وحرکت حملہ ہے۔ آسڑیلیوی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام افراد پرپابندی لگائی گئی جن پرامریکا نے پابندی عائد کی ہے۔