اللہ تعالیٰ رحمان ملک پر غریق رحمت کرے،شیخ رشید،فواد چوہدری ،حسان خاور،ناصر شاہ،شیری رحمان
رحمان ملک کے انتقال سے دلی رنج ہوا۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
صدرمملکت ، وزیر اعظم سمیت سیاسی رہنمائوںنے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک کے کورونا وائرس کے باعث ا نتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی رحمان ملک کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ،وزیرِ اعظم کی جانب سے فیس بک پر پوسٹ میں لکھا کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کرے۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے اپنے تعزیتی بیان میں رحمان ملک کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انتقال کی خبرسن کردکھ ہوا، خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی مرحوم کوجنت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اللہ رحمان ملک پر غریق رحمت کرے، حدیبیہ کیس میں ان کی سربراہی میں تفتیش ہوئی، اس کیس پر انصاف ابھی تک نہیں ہوا، تفتیش نے کرپشن کے ایسے ماڈرن طریقے ظاہر کئے کہ لوگ حیران رہ گئے۔وزیر بلدیات سندھ ناصرشاہ نے کہا کہ سینیٹر رحمان ملک کے انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا، رحمان ملک ہمارے دوست، بھائی، ساتھی اورایک بہترین رہنما تھے، پروردگار ان کے درجات بلند کرے اور خاندان کے افراد کو صبرعطا کرے۔پیپلز پارٹی کی قیادت اور ملک کی اہم شخصیات نے سینیٹر رحمان ملک کے اہل خانہ کو فون کرکے ان سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے رحمان ملک کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رحمان ملک کے انتقال سے دلی رنج ہوا۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔اس کے علاوہ پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور، پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان اور دیگر نے سینٹر رحمان ملک کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارخاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا۔