پنجاب کے متعلقہ گیارہ اضلاع کے 166بنیادی مراکز صحت اور17دیہی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیاجارہاہے۔ ڈاکٹریاسمین راشد
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اجلاس منعقدہوا،جس میں سیکرٹری صحت عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرفرخ نوید،ڈاکٹراختررشید،ڈاکٹرشاہدمگسی،نوارلعین ودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ اور سی ڈی سی پروگرام کی ری ویمپنگ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹراختررشیداورڈاکٹرشاہدمگسی نے اجلاس کے دوران ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ اور سی ڈی سی پروگرام کی ری ویمپنگ کے حوالہ سے وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکو بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب کے گیارہ اضلاع میں ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کاآغازکیاجارہاہے۔گیارہ اضلاع میں مظفرگڑھ،بہال پور،لیہ،رحیم یارخان،بھکر،ڈی جی خان،راجن پور،خوشاب،لودھراں،بہاول نگر اور میانوالی شامل ہیں۔ہیومن کیپٹیل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت گیارہ اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ہر پیداہونے والے بچے کی ماں کواگلے دوسال تک ہر وزٹ پر ایک ہزارروپے دئیے جائیں گے۔منصوبہ کے تحت گیارہ اضلاع میں غربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزارنے والے ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کی خواتین کوہروزٹ پر ایک ہزارروپے دئیے جائیں گے۔ منصوبہ کے تحت پنجاب کے متعلقہ گیارہ اضلاع کے 166بنیادی مراکز صحت اور17دیہی مراکز صحت کو اپ گریڈ بھی کیاجارہاہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پروگرام جون2022تک شروع کیاجائے گا۔اس منصوبہ کے تحت ایک ہزار سے زائدنوکریاں بھی دی جائیں گی۔سی ڈی سی پروگرام کو سی ڈی سی ایٹلانٹا(امریکہ)کی طرز پرجدیدتقاضوں کے مطابق ری ویمپ کیاجائے گا۔اس منصوبہ کے تحت دو لیبارٹریزکو بی ایس ایل لیول تھری میں اپ گریڈکیاجائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ اس منصوبہ کے تحت پنجاب کے ہر ضلع کی سطح پرایک ڈیزیزسرویلنس اینڈ رسپونس یونٹ قائم کیاجائے گا،پنجاب میں وبائی امراض کے بروقت تعین اور سدباب میں مددحاصل ہوگی اوراس منصوبہ کے تحت یونیورسٹی آف ویٹنری سائنسز کے ساتھ باہمی تعاون کا معاہدہ بھی کیاجائے گا