آصف زرداری اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں پر بھاری ثابت ہورہے ہیں،حافظ حسین

زرداری مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی کو بھی اپنی آغوش میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں،میڈیا سے گفتگو

کوئٹہ (ویب  نیوز)جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا کہ ایک بار پھر آصف علی زرداری ، اپوزیشن پارٹیوں کے دیگر  سربراہان پہ بہت ہی بھاری ثابت ہورہے ہیں اور پی ڈی ایم میں نہ ہوتے ہو ئے بھی نہ صرف سب کو نکیل ڈالی ہوئی ہے بلکہ مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی کو بھی اپنی آغوش میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں ،آصف علی زرداری نے بقیہ پی ڈی ایم کی9پارٹیوں کے طے شدہ فیصلوں کو ختم کراکے انکی لائن آف ایکشن کوہی یکسر تبدیل کرا دی ہے ۔وہ جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ در اصل پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم میں رہتے ہوئے بھی پی ڈی ایم کے طے شدہ 26 نکات سے ہٹ کر انفرادی طور پرپنی پارٹی میں ضمنی اور سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کا یکطرفہ فیصلہ کیااورپھر ان فیصلوں کو پی ڈی ایم کے باقی 10 پارٹیوں سے انگوٹھا لگا کر منظوربھی کرایا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی ہی صورتحال میں ایک عدد شوکاز نوٹس بھی پیپلزپارٹی کو دی گئی تھی جس کے ردعمل میں انہوں نے پی ڈی ایم کو خیرباد کہہ دیا تھامگر نہ شوکاز نوٹس کا جواب آیا نہ پی ڈی ایم کی پارٹیاں9سے 11 ہو سکیں-البتہ آصف علی زرداری نے انکے طے شدہ موقف ،پارلیمنٹ سے استعفیٰ دینے،تحریک عدم اعتماد نہ لاتے، سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کے طے شدہ فیصلوں کے پرخچے اڑا کر پی ڈی ایم کی9 پارٹیوں کو بھی نودو ، گیارہ کردیا۔