اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزارتِ خزانہ نے کہاہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف)کے ممبران نے پاکستان کی پیش رفت کو تسلیم کیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے دونوں ایکشن پلانز پر پاکستان کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اعلامیئے کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف میں اپنا کیس موثر طریقے سے پیش کیا اور ایکشن پلان کی تکمیل کے لیے سیاسی عزم کا اعادہ کیا۔ وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ایف اے ٹی ایف کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی میں مالی معاونت روکنے سے متعلق پاکستان کے مسلسل عزم کو سراہا گیا۔ اعلامیے میں وزارِت خزانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان 2018 کے ایکشن پلان کے تحت پہلے ہی 27 میں سے 26نکات مکمل کر چکا ہے۔