افغان وزیر داخلہ کا پہلی بار منظرِ عام پر آکر کابل میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب
کابل (ویب ڈیسک)
افغان وزیر داخلہ سراج حقانی نے پہلی بار منظرِ عام پر آکر تقریب سے خطاب میں افغانستان چھوڑنے والوں کو کہا کہ وہ وطن واپس آجائیں۔سراج حقانی نے کابل میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہماری جدوجہد اور واحد آرزو اسلامی نظام کا قیام رہی۔انہوں نے کہا کہ جو شہری افغانستان سے باہر جاچکے ہیں وہ اپنے ملک واپس آجائیں، عام معافی کے اعلان کے تحت تمام شہریوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔سراج حقانی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ کابل اور دیگر شہروں میں کلیئرنس آپریشن کے دوران پولیس اہلکار شہریوں سے نرم رویہ رکھیں اور اگر آپریشن کلین اپ کے دوران کسی شہری سے کوئی بھی مسئلہ ہو تو علما سے مشاورت کریں۔خیال رہے کہ افغانستان کے سرکاری ٹیلی ویژن نے پولیس اکیڈمی کی تقریب میں سراج الدین حقانی کو پہلی مرتبہ لائیو دکھایا۔اس سے پہلے سراج حقانی کی صرف ایک مبہم تصویر میڈیا پر تھی، سراج حقانی نے اس سے پہلے ہمیشہ کوشش کی کہ ان کی تصویر یا ویڈیو میڈیا پر نہ آئے۔طالبان کی امریکا سے جنگ کے دوران امریکا نے سراج حقانی کو انتہائی مطلوب شخص قرار دے رکھا تھا اور ان کی گرفتاری میں مدد پر پچاس لاکھ ڈالر کا انعام تھا۔سراج حقانی اب بھی امریکا اور اقوام متحدہ کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔