سبی میلے کی اختتامی تقریب میں صدر عارف علوی،صوبائی وزراء اور دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے
زخمیوں کو سبی اور کوئٹہ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا
کوئٹہ۔سبی (ویب ڈیسک)
بلوچستان کے علاقے سبی میں سبی میلے کے قریب سیکورٹی اہلکاروں پر خودکش حملے میں 4 اہلکار وں سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ دس سیکورٹی اہلکاروں سمیت 30 افراد زخمی ہوگئے۔ سبی میلے کی اختتامی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی بھی شریک تھے۔ تفصیلات کے مطابق سبی میں سبی میلے کے قریب سیکورٹی اہلکاروں پر خودکش حملہ ہوا جس میں چار سیکورٹی اہلکار وں سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ دس سیکورٹی اہلکاروں سمیت 30 افراد زخمی ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے بعد میں کئی شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا کوئٹہ کے تین بڑے ہسپتالوں سول ہسپتال،بی ایم سی ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ خودکش حملہ اس وقت ہوا جب سبی میلے کے اختتامی تقریب کے بعد لوگ وہاں سے نکل رہے تھے سبی میلے کی اختتامی تقریب میں صدرمملکت عارف علوی،صوبائی وزراء اور دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے۔ خودکش حملے سے علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا اور بازار و مارکیٹیں بند ہوگئیں فوری طور پر کسی تنظیم نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا سبی بم دھماکے کے مذمت قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار
وزیراعلیٰ بلوچستان نے بم دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیںانہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے سبی کے تاریخی میلے کو سبو تاڑ کرنے کی کوشش کی۔سبی میلہ کاشتکاروں مالداروں کے کاروبار اور عام آدمی کی تفریح کوذریعہ ہے۔دہشت گردی کا واقعہ محنت کشوں کے روزگار کے خلاف سازش ہے۔ترقی مخالف عناصر نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے عوام ترقی کریں اور انہیں روزگار ملے۔ترقیاتی عمل کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔عوام کے تعاون سے صوبے کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنائیں گے۔بلوچستان کے عوام ترقی اور روزگار چاہتے ہیں اور ترقی مخالف عناصر کے خلاف ہیں۔ سبی شہر کی سیکیورٹی میں اضافے اور واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل برؤے کار لانے کی ہدایت کردی