وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے 40 سے زائد اراکین اسمبلی کی ملاقاتیں، سیاسی صورتحال و ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال
اراکین اسمبلی کا وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار
ہم ایک تھے،ایک ہیں، ایک رہیں گے، میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں،انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں:عثمان بزدار
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں 40 سے زائد اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں جن میں سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ملک میں سیاسی انتشار پھیلا رہی ہے۔سیاسی عدم استحکام پیدا کرکے مضبوط ہوتی معیشت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ہم سب وزیراعظم عمران خان کے سپاہی ہیں اور اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ اپوزیشن کا سیاسی افرتفری پھیلانے کا ایجنڈا عوام کے سامنے ہے۔اپوزیشن کا ساڑھے تین سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پرمنفی سیاست کے ذریعے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔ پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنا حب الوطنی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھا ہے۔ اپوزیشن کی منفی سیاست کا مقصد اپنی کرپشن کو بچانا ہے۔ پے در پے ناکامیوںکے بعد اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں بھی شکست ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی متحد ہے۔پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کی سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے۔موجودہ حالات میں نفاق کی سیاست کرنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔اپوزیشن کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، ہمیشہ عزت دی اور منتخب نمائندوں کے جائز کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ساڑھے تین برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔ ہماری حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ ماضی میں ہر روز کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آتی تھیں۔ منتخب نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست ملک و قوم کیلئے زہر قاتل ہے اور عوام کو افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکارنہیں ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جس شاخ پر بیٹھی ہے اسے ہی کاٹ رہی ہے۔اپوزیشن کو سیاسی انتشار پیدا کرنے پر قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ہم ایک تھے،ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ میرے دروازے آپ سب کیلئے کھلے ہیں۔کبھی کسی سے ناانصافی کی نہ کریں گے۔انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔آپ کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔ہماری پارٹی کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں۔ اراکین اسمبلی کی عزت میری عزت ہے۔سازشی عناصر پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ان کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔تنقید کا جواب ہمیشہ خدمت کی سیاست سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے اورآپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں اور ہم متحدہیں ـوزیر اعلی سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء میاں خالد محمود ، اسد کھوکھر ، خیال احمد کاسترو ، سید سعیدالحسن شاہ، شوکت لالیکا،ہاشم جواں بخت،یاسر ہمایوں،مشیر حنیف پتافی،اراکین پنجاب اسمبلی خرم خان لغاری، احمد شاہ کھگہ، میاں محمد اختر حیات، چوہدری لیاقت علی ، سلیم سرور جوڑا ،چوہدری امجد محمود چوہدری، افتخار گوندل، فتح خالق بندیال، میجر (ر) محمد لطاسب ستی، سردار احمد علی دریشک، سردار محی الدین کھوسہ،سردارجاوید خان لنڈ، سید سبطین رضا، نذیر چوہان، شکیل شاہد ، عمر فاروق، علی اختر ، سعید احمد ، خرم اعجاز ، عمرآفتاب، طلعت نقوی، سیدہ سونیاعلی رضا شاہ، مہندر پال سنگھ اور دیگر شامل تھےـ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔