نیپرا نے بجلی 95پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے سے متعلق محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا
فیصلہ عملدرآمد کے لئے وفاقی حکومت کو بھجوادیاگیا، منظوری کے بعد باقا عدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسط53پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا
اسلام آباد ( ویب نیوز)آئی ایم ایف کی شرائط بجلی 95پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کے حوالے سے نیپرا نے اپنا محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ فیصلہ عملدرآمد کے لئے وفاقی حکومت کو بھجوادیاگیا ، منظوری کے بعد باقا عدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسط53پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق 100یونٹ بجلی استعمال کر نے والے صارفین کے لئے آٹھ پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا، 101سے200یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کے لئے18پیسے فی یونٹ قیمت میں اضافہ کیاجائے گا،201سے300یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے فی یونٹ قیمت میں 48پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا جبکہ 301سے700یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 95پیسے اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاور سیکٹر میں جو سبسڈی دی جاتی ہے اس میںکمی کا مطالبہ کیا گیا تھا ، اس پر حکومت کی جانب سے یکساں سبسڈی کو ٹارگٹ کرنے کے حوالہ سے پالیسی گائیڈ لائن کے لئے نیپرامیں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست پر نیپرنے سماعت کی تھی اور اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ نیپرانے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوادیا ہے۔ حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے کیونکہ وزیر اعظم عمران خان بجلی کی فی یونٹ قیمت میں چار ماہ کے لئے پانچ روپے کمی کا اعلان کرچکے ہیں۔ فیصلے کا اطلاق حکومت کی جانب حتمی فیصلہ کرنے اور نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے بعد کیا جائے گا۔