ماسٹر موٹرز،فوٹون اور ماسٹر مولٹی فوم کی جانب سے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو پہلی فوٹون موبائل ہیلتھ کیئر یونٹ کا عطیہ
اسلام آباد( ویب نیوز )
ماسٹر موٹر،فوٹون اور ماسٹر مولٹی فو م پر مشتمل معروف کاروباری ادارے ماسٹر گروپ آف انڈسٹریز نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو زچہ و بچہ کی نگہداشت کی سہولیات پر مبنی یونٹ کے ساتھ اپنی پہلا مکمل فوٹون M280ٹرک عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس نیک اقدام کا مقصد چکوال،بلکسر خطہ میں ماؤں، دنیا میں آنے والے بچوں اور شیر خوار وں کو طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
موبائل ہیلتھ یونٹ عطیہ کرنے کی تقریب ترنول،اسلام آباد میں ماسٹر موٹر کی ڈیلر شپ ماسٹر کیپیٹل موٹر پر منعقد ہوئی۔اس تقریب میں معزز مہمانوں نے شرکت کی،جس میں شاہد آفریدی،ماسٹر موٹر کے سی ای او سمیر ملک،ماسٹر موٹر کے سی او او رضا انصاری،فوٹون چائنا کے ہیڈ آف ریجن ڈیوڈ لی،REDOفاؤنڈیشن کے چیئرمین حسن سلطان،احمد میڈیکس کے سی ای او سہیل احمد اور دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ماسٹر موٹر کے سی ای او سمیر ملک نے کہا کہ ”ماسٹر گروپ آف انڈسٹریز کا وژن پاکستا ن بھر میں ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے تا کہ ایک بہتر مستقبل بنایا جاسکے۔“
انہوں نے تعلیم،صحت،پانی تک رسائی،کھیلوں کی بحالی امدادی رسپانس کے شعبوں میں پسماندہ طبقات کی حالت زار بہتر بناکر پاکستان کی مدد کرنے کے عزم پر شاہد آفریدی اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا،انہوں نے نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس خطہ میں ہر 1000پیدائش میں سے اموات کی شرح42تا62ہے،اور یہ یونٹ اموات کی شرح کم کرنے کے مقصد کو پورا کرے گا۔
اس کے علاوہ شاہد آفریدی نے اس بارے میں بات کی کہ وہ کس طرح سے نقل و حمل اور رسد کے حوالے سے مشکل رسائی والے علاقوں کو اپنی امدادی سرگرمیوں کا ہدف بنانا چاہتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ناقابل رسائی والے علاقوں میں مکمل معیاری صحت کی سہولیات پر مشتمل ہیلتھ کیئر یونٹ چلانا ان کا خواب تھا،اور آج یہ خواب ماسٹر موٹر،فوٹون اور ماسٹر مولٹی فوم کے فراخدلانہ تعاون کی بدولت پورا ہوا۔
فوٹون ماسٹر مدر و چائلڈ کیئر یونٹ،فوٹونM280ٹرک پر بنایا گیا ہے اور یہ چکوال و بلکسر کے 50کلو میٹر کے دائرہ کے اندر لگ بھگ300دیہاتوں کو خدمات فراہم کرے گا۔یہ ہیلتھ ٹرک خون،پیشاب اور کیمسٹری کے نمونے لینے،الٹرا ساؤنڈ مشین اور دیگر سہولیات سے لیس ہے،یہ ان دور دراز علاقوں میں ماؤں اور شیر خواروں کو ایک جامع کلینک حل فراہم کرنے میں مدد دے گا،جہاں خواتین اور بچوں کو سفری اور معیاری طبی سہولیات میسر نہیں ہیں۔
فوٹون ہیلتھ کیئر یونٹ ڈاکٹروں کو بیماریوں کی جانچ،مسائل کی شناخت اورتشخیص کی سہولیات دیگا اور فوری تشخیص و علاج کی سہولت فراہم کرکے قیمتی جانیں بچانے میں مدد فراہم کرے گا۔