انڈونیشیا اور سری لنکا کے سفراء کا بیگمات کے ہمراہ آئی سی سی آئی میں منعقدہ خواتین کی مصنوعات کی نمائش کا دورہ
پاکستانی خواتین کی مصنوعات اعلیٰ معیار کی ہیں جو عالمی مارکیٹ میں اپنا مقام بنا سکتی ہیں۔ سفراء
نمائش منعقد کرنے کا مقصد خواتین کے کاروبار کو بہتر فروغ دینا ہے۔ محمد شکیل منیر
اسلام آباد (ویب نیوز )
پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ایم ٹیوگیو اور سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجیوکرما نے اپنی بیگمات کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈسپلے سنٹر میں منعقدہ خواتین انٹرپرینیور کی مصنوعات کی نمائش کا دورہ کیا اور مصنوعات کے اعلیٰ معیار کی تعیف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کی مصنوعات اعلیٰ معیار کی ہیں جو عالمی مارکیٹ میں اپنا مقام بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کاوش کا بھی سراہا کیونکہ اس سے خواتین کو ایک ہی چھت کے نیچے اپنی مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کرنے کا موقع فراہم ہوا ہے جس سے ان کے کاروبار کو بہتر فروغ ملے گا۔ دونوں سفارتکاروں نے نمائش میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور مصنوعات میں بھرپور دلچسپی لی۔ انہوں نے کئی خواتین انٹرپرینیورز کے ساتھ بات چیت کی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ان کے جذبے اور کوششوں کی تعریف کی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے غیر ملکی سفارت کاروں کو بتایا کہ خواتین انٹرپرینیورز کاروبار کے میدان میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں لیکن اس مقصد کیلئے ان کو مزید حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی میں خواتین کی مصنوعات کی نمائش لگانے کا مقصد ان کو ایک موزوں پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی مصنوعات کو دوسروں کے سامنے پیش کر سکیں اور اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آئندہ بھی خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تا کہ وہ معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر، محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، خالد اقبال ملک چیئرمین فاؤنڈر گروپ، میاں شوکت مسعود سابق صدر، محمد نوید ملک اور فاطمہ عظیم سابق سینئر نائب صدور، چوہدری محمد علی، حافظ محمد بلال اور فصیح الرحمان ایگزیکٹو ممبران آئی سی سی آئی، نیلم خالد، نوشین ارشد، نگینہ خلیق، تاجر برادری اور فیملیز کے افراد نے نمائش کا دورہ کیا اور خواتین انٹرپرینیورز کی جانب سے نمائش میں رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی لی۔