اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس رابطہ ایپ سے صارفین کو احساس بارے سوالات کے جواب بھی مل سکیں گے۔ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے "احساس ربطہ ایپ” میں کی جانے والی اصلاحات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بنیادی طور پر احساس کے مختلف پروگراموں کے بارے میں ایک عام آدمی کی رہنمائی کیلئے اینڈرائیڈ پر مبنی احساس رابطہ ایپ جلد ہی گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہوگی۔ اس موقع پرڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ،”احساس رابطہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو عوام کواحساس کے مختلف پروگراموں میں اندراج اور اس سے مستفید ہونے کے لیے درکار درست معلومات سے ڈیجیٹل طور پر منسلک کرے گا۔ اس ایپ میں ایک چیٹ بوٹ کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو احساس کے بارے میں ان کے سوالات کے جوابات فراہم کر کے ان کی مدد کی جا سکے۔ڈاکٹر ثانیہ نے احساس کی ٹیکنیکل ٹیم کو سراہا جو اس ایپ کو تیار کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہیں۔ اجلاس میں ایپ کے معیار اور بہتری کے پہلوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسے مزید موزوں اور صارف دوست بنانے کے لیے، ٹائم لائنز کے ساتھ ساتھ کئی ویلیو ایڈیشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری عصمت طاہرہ، ایڈیشنل سیکرٹری سید معظم علی، ڈائریکٹر جنرل نوید اکبر، ڈائریکٹر جنرل نور رحمان، ڈائریکٹر جنرل میر انور اور احساس کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔خاص طور پر اردو میں تیار کردہ ہدایاتی معلومات سے ایپ کے صارفین کو احساس پروگراموں جیسے احساس کفالت، احساس تعلیمی وظائف، احساس راشن رعایت ، احساس نشوونما، احساس سروے، احساس رجسٹریشن ڈیسک، انڈرگریجویٹ سکالرشپ ، احساس بلاسود قرضہ، احساس بچت اکانٹ، احساس آمدن، دارالاحساس، احساس پناہ گاہ، احساس لنگر، احساس کوئی بھوکا نہ سوئے، ون ونڈو احساس، احساس تحفظ اور کئی دیگر پروگراموں کے بارے میں پڑھنے اور سمجھنے میں مدد ملے گی۔احساس رابطہ ایپ کے ذریعے، کوئی بھی شخص جو احساس کے تحت مختلف فوائد کے لیے اپنے حقداروں کے بارے میں جاننا چاہتا ہے وہ احساس 8171 ویب پورٹل سیکشن پر جائے گا۔ احساس کارڈ کے پچھلے حصے میں درج QR کوڈ کو اسکین کرنے سے، ایپ صارف کو احساس کے تحت انکے کے خاندان کے حقداروں کی مکمل معلومات کے بارے میں مطلع کرے گی۔