وزیراعظم نے منحرف ارکان کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کی ٹھان لی، ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان
ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کوہارس ٹریڈنگ کی جرات نہ ہو۔عمران خان
اپوزیشن مائنس ون چاہتی ہے جو کسی صورت نہیں ہوسکتا، اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے منحرف ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ٹھان لی اور کہا ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہیں ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، اجلاس میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے عامر کیانی ،بابر اعوان کو قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔عمران خان نے کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کوہارس ٹریڈنگ کی جرات نہ ہو۔اجلاس میں وزیراعظم نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا 27مارچ کے جلسے میں قوم تبدیلی کے ساتھ نظر آئے گی، یہ چاہے جتنابھی پیسہ لگا لیں،ان کا مقابلہ کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مائنس ون چاہتے ہیں ایسا کسی صورت نہیں ہوسکتا، شکرہے یہ مطالبہ کر رہے ہیں اس سے ہم اور اوپرجائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے سینیئر وزراء کو بنی گالہ طلب کیا، جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراطلاعات فواد چوہدری شریک ہوئے، اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومتی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔