اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزارت داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے سندھ ہاوس پر دھاوے کے معاملے کی اعلی سطحی انکوائری کا حکم دے دیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق انکوائری کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی آپریشنز اویس احمد کریں گے، وزارت داخلہ کی کمیٹی کو 3 روز میں انکوائری رپورٹ جمع کرانیکی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے حکم دیا ہے کہ ان سب باتوں کی انکوائری کی جائے کہ وزرا کی کال کے بغیر کارکنان کیسے پہنچے؟ سندھ ہاوس کے باہر انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا احتجاج منتشر کیا تو کارکنان دوبارہ کیسے پہنچے؟ ہائی سکیورٹی زون میں دو مرتبہ کارکنان کے پہنچنے پر پولیس کہاں تھی؟ اور پولیس نے کسی بھی جگہ کارکنان کو سندھ ہاوس پہنچنے پر روکا کیوں نہیں، جب کہ پولیس نے جے یو آئی کارکنان کو روک لیا توپی ٹی آئی کارکنان کو کیوں نہ روکا گیا؟ خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاوس پر دھاوا بولا تھا، کارکنوں نے سندھ ہاس کے دروازے پر لاتیں مار کر اسے توڑ ڈالا تھا اور احاطے میں داخل ہوگئے تھے۔بعد ازاں وزیر داخلہ کی ہدایت پر پولیس نے تحریک انصاف کے دو ارکان قومی اسمبلی سمیت 10 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔گذشتہ روز پولیس نے 13 پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی جس میں دونوں ایم این ایز کے نام شامل نہیں کیے تھے۔