صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا 25 مارچ کو طلب کر لیا، نوٹیفکیشن جاری
25 مارچ کو اجلاس مرحوم ایم این اے کی دعائے مغفرت کے بعد ملتوی کر دیا جائیگا
قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلانے کا فیصلہ اسپیکر اسد قیصر کے گھر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا،ذرائع
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کر لیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلائے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروزجمعہ صبح 11بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا، اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 مارچ کو اجلاس مرحوم ایم این اے کی دعائے مغفرت کے بعد ملتوی کر دیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ اسپیکر اسد قیصر کے گھر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا رکھی ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ اگر اسپیکر نے قومی اسمبلی کے 21 مارچ سے شروع ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر کارروائی آگے نہ بڑھائی تو ہم قومی اسمبلی میں ہی دھرنا دے دیں گے۔اپوزیشن کے اس بیان کے بعد وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 کے بجائے 25 مارچ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔