اسلام آباد (ویب ڈیسک)
سوشل میڈیا پر پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف مہم کے معاملہ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائمز ونگ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے تحقیقات کا آغاز وزیر داخلہ کے احکامات موصول ہونے پر کیا گیا ہے، سرکاری تعطیل کے باوجود سائبر کرائم ونگ کے افسران کو دفاتر میں طلب کیا گیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والے اکاونٹس، پیجز کی چھان بین شروع کردی گئی ہے، تحقیقات کا آغاز درخواست نہیں وزارت داخلہ کے احکامات پر ہوا ہے، نفرت انگیز مواد پھیلانے والے اکاونٹس کی تعداد کا پتہ چلایا جا رہا ہے، جس کے بعد فوج، عدلیہ مخالف مہم چلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی،یاد رہے رواں ہفتے وزیراعظم عمران خان نے اداروں اور افسران کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کا نوٹس لیا تھا، وزیراعظم کو سوشل میڈیا مہم چلانے والوں سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مہم چلانے والے عناصرکے خلاف کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف ایف آئی اے کارروائی کرے گی۔