گوگل پاکستانی گیمنگ انڈسٹری کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم
گیمنگ گروتھ لیب کے فیز IIکا اعلان، گیمنگ انڈسٹری کے فروغ کو تیز کرنے کیلئے ’تھنک گیمز پاکستان‘اور’پہلے گیمنگ نیوزلیٹر‘کا آغاز
کراچی(ویب نیوز )
گوگل نے آج تین نئے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی گیمنگ انڈسٹری کو مزید وسعت دینے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ان تین نئے اقدامات میں سب سے پہلا اقدام ،پاکستان میں گیمنگ گروتھ لیب (جی جی ایل)کے دوسرے مرحلے کا آغازہے، جس میں 57منتخب کمپنیوں کے شرکاء کو گوگل کے ماہرین کی طرف سے 1:1 کی بنیاد پر سپورٹ اور رہنمائی ملے گی تاکہ وہ پہلے مرحلے سے حاصل ہونے والے سبق کی بنیاد پر فیزII پر کام کر سکیں اور اپنے کاروبار کو نئی سطح پر لے جا سکیں۔ دوسرے اقدام کے طور پرگوگل، جون 2022میں پاکستان کے افتتاحی ’تھنک گیمز پاکستان‘کے نام سے ایک ایونٹ کی میزبانی کرے گا اور ساتھ ہی ’گوگل فار گیمز‘ کے عنوان سے پاکستان میں نیوزلیٹر کا پہلا ایڈیشن جاری کرے گا اوریہ اس سلسلے کا تیسرا اقدام ہوگا۔
یکم مارچ، 2022کومتعارف ہونے والا گیمنگ گروتھ لیب (جی جی ایل) گوگل کا ایک ایکسلریٹر پروگرام ہے جس کا مقصد پاکستان کی بہترین اور آئندہ قائم ہونے والی گیمنگ کمپنیوں کو پروان چڑھانا ہے۔ پروگرام کا پہلا مرحلہ،پانچ ہفتوں کے تعلیمی پروگرام پر مشتمل تھا جس میں 57 منتخب کردہ کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے 250سے افراد نے شرکت کی تھی۔
اب،اپنے دوسرے مرحلے میں، جی جی ایل اُن 57 کمپنیوں کو سپورٹ پروگرام میں شرکت کی دعوت دے گا جس میں کاروباری دشواریوں پر قابو پانے اور اپنی پیشکشوں کو وسعت دینے کے طریقوں پر توجہ دی جائے گی۔اس مرحلے کا دورانیہ آٹھ ہفتوں پر مشتمل ہو گا۔منتخب کردہ شرکاء کوچنگ سیشنز میں بھی شرکت کریں گے جن میں گوگل پلے، گوگل کلاؤڈ جیسے موضوعات پر گوگل کے ماہرین تربیت دیں گے اور ُاسی کے ساتھ پیمائش اور ایکسپورٹ کے طریقے بھی سکھائے جائیں گے۔ اس طرح وہ گیم کی تخلیق اور ترقی کے بارے میں مزید سیکھیں گے۔
اس بارے میں گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا، فرحان قریشی نے کہا:”ہمارا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر گیمنگ پاورہاؤس بنانا اور پاکستان کی گیمنگ انڈسٹری کو عالمی نقشے پر نمایاں کرنا ہے۔ ہم خواہ گیمنگ ڈیویلپرز کی با ت کر رہے ہوں، جو گیم تخلیق کرنا چاہتے ہیں، اُنھیں ترقی دینا چاہتے ہیں یا اُن سے مالی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں،گوگل اُن تمام کو، اُن کی ترقی کے سفر پر، معاونت فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔میں گیمنگ گروتھ لیب کی پیش رفت پر بہت خوش اور پرجوش ہوں۔ یہ ایک ایسا اقدام ہے جس سے،پاکستان میں ہماری گیمنگ کمیونٹی کو ترقی دینے اور ملک میں ڈیجیٹل مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔“
گیمنگ گروتھ لیب (جی جی ایل)کے شرکاء نے نتائج ظاہر کرنا شروع کر دئیے ہیں۔پاکستان میں قائم ایک ایپ ڈیویلپمنٹ کمپنی، کوڈ میٹکس (Codematics)نے جی جی ایل پروگرام کے پہلے مرحلے میں شرکت کے بعد،بامبر وارئیرز (Bomber Warriors)اور 3Dکارپارکنگ (3D Car Parking) کے نام سے گوگل پلے اسٹور پر دو گیم متعارف کرائے ہیں۔ اس بارے میں کوڈمیٹکس کے ڈائریکٹر وسیم جاوید نے کہا:”جی جی ایل کے تربیتی سیشنوں میں شرکت ہمارے لیے بہت مفید ثابت ہوئی ہے اور بالخصوص اُس وقت جب ہمارا رابطہ گوگل کے ماہرین اور وسیع تر ایکو سسٹم سے ہوا۔ جی جی ایل نے ہمیں اپنے کاروبار کو، صرف ایپس سے گیمز تک،وسعت دینے میں زبردست مدد فراہم کی ہے۔“
ایسے شرکاء جنھوں نے جون،2022ء میں منعقد ہونے والے جی جی ایل کے دونوں مرحلوں میں شرکت کی تھی وہ گوگل گیمنگ کے اقدامات،پاکستان میں نیٹ ورکنگ ایونٹس اور گوگل کی ٹیم کی جانب سے کاروبار کو ترقی دینے کے لیے سپورٹ سمیت ترجیحی رسائی جیسے فوائد حاصل کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ، گوگل تھنک گیمز پاکستان کے نام سے پہلی مرتبہ ایک دوروزہ ورچوئل ایونٹ بھی منعقد کرے گا۔ یہ ایونٹ 22-21جون کو منعقد ہوگا جس میں پاکستان کی گیمنگ کمیونٹی، ماہرین، فکری راہنماؤں کو قریب لایا جا ئے گا اور،اس طرح،اِسے پاکستان میں فلیگ شپ گیمنگ کمیونٹی ایونٹ بنایا جا ئے گا۔اس ایونٹ کی خاص بات گیمنگ سے تعلق رکھنے والی تازہ ترین معلومات اور ڈیٹا ہوں گے اور ساتھ ٹولز اور سولوشنز بھی پیش کیے جائیں گے جن کی مدد سے ڈیویلپرز زیادہ بہتر گیمگ تیار کر سکیں اور عالمی سطح پر کامیابی حاصل کر سکیں۔
گوگل نے حال ہی میں ’گوگل فار گیمز‘کے عنوان سے پاکستان میں سہ ماہی نیوز لیٹر بھی جاری کیا ہے جس میں گیمنگ کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس نیوز لیٹر کو خاص طور،پورے پاکستان میں،پر گیمنگ ڈیویلپرز کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ اس نیوز لیٹر کے لیے goo.gle/gfgpk-signup پر سائن اپ کیا جا سکتا ہے۔