اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سندھ ہائوس حملہ کیس میں ملوث پاکستان تحریک انصاف کے دو اراکین قومی اسمبلی فہیم خان اور عطاء اللہ خان کی ضمانت مسترد کردی۔ ضمانت مسترد ہونے پر پولیس نے دونوں ایم این ایز کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے 50،50ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 26اپریل تک دونوں پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی عبوری ضمانت منظور کی گئی تھی اور ان کی درخواستوں پر پولیس سے جواب طلب کیا گیا تھا۔ جمال خان مندوخیل کی جانب سے 22اے کی درخواست دائر کی گئی ہے اوران کی جانب سے راجہ نذیرایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت سے ملزمان کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کی ۔ درخواست گزاروں کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں جس کے بعد پولیس نے انہیں احاطہ عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے دونوں ارکان قومی اسمبلی کو گرفتار کر کے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا ہے۔