ویڈیو سکینڈل ، الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی کیخلاف چاروں درخواستیں خارج
یوسف رضا گیلانی کے کرپشن او رکرپٹ پریکٹسز کے کوئی براہ راست شواہد نہیں ملے،الیکشن کمیشن
کیس کی 20سماعتیں ہوئیں اور12مرتبہ اس کیس کو ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی،چیف الیکشن کمشنر
علی حیدر گیلانی اور پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کیپٹن (ر)جمیل خان اور فہیم خان کیخلاف کرپٹ پریکٹسز کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو کارروائی کرنے کا حکم
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد ان تینوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر ائیں،لیکشن کمیشن
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنایا، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا
اسلام آباد (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ الیکشن ویڈیو سکینڈل میں سابق وزیر اعظم سینیٹر مخدوم سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر چاروں درخواستیں خار ج کردیں ۔ الیکشن کمیشن نے سید یوسف رضا گیلانی کا بطور سینیٹر الیکشن کالعدم قراردینے اور ہارس ٹریڈنگ کی درخواست بھی خار ج کردی۔الیکشن کمیشن نے سید یوسف رضا گیلانی کو ناہل قراردینے کی پی ٹی آئی کی درخواست خارج کردی۔ الیکشن کمیشن نے قراردیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے کرپشن او رکرپٹ پریکٹسز کے کوئی براہ راست شواہد نہیں ملے اس لئے ان کے خلاف درخواستیں خارج کی جاتی ہیں اور وہ سینیٹر برقراررہیں گے۔جبکہ الیکشن کمیشن نے دیگر فریقین رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی اور پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کیپٹن (ر)جمیل خان اور فہیم خان کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ وہ ان تینوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر ائیں ۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنایا۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہ کمیشن نے فیصلہ اتفاق رائے سے کیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے فیصلہ میں کہا گیا کہ سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف کوئی شواہد نہیں اس لئے ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جائے گی۔ کمیشن نے سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیس نمٹا دیا۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی کی جانب سے مبینہ طور پر ووٹوں کی خریدوفروخت کا کیس بھی خارج کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ یوسف رضا گیلا نی کی حد کوئی شواہد نہیں ملے اس لئے ان کے خلاف کیسز کو خارج کیا جاتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اس کیس کی 20سماعتیں ہوئیں اور12مرتبہ اس کیس کو ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر 5 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو جمعہ کے روز سنادیا گیا۔پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کنول شوزب، فرخ حبیب، عالیہ حمزہ ملک اور ملیکہ علی بخاری کی جانب سے چار درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ ZS