اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان اسمبلی نے نااہلی ریفرنسز میں تحریری جوابات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیئے۔ الیکشن کمیشن میں منحرف ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے نااہلی ریفرنسز پر سماعت ہوئی۔ منحرف ارکان فرخ الطاف، عاصم نذیر ، افضل خان ڈھانڈلہ، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض ، نور عالم خان، احمد حسین ، رانا قاسم نون، غفار وٹو، مخدوم سمیع الحسن گیلانی، مبین احمد، باسط سلطان، عامر گوپانگ، اجمل فاروق کھوسہ، ریاض مزاری، جویریہ ظفر، وجیہہ قمر، نزہت پٹھان ، رمیش کمار نے اپنے تحریری جوابات جمع کرادیئے۔ وکیل تحریک انصاف فیصل چوہدری نے جوابات پڑھنے کی مہلت مانگتے ہوئے کہا کہ سب کے جواب پڑھ کر پھر دلائل شروع کریں گے۔ ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ 14 مئی تک کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے بھی کہا کہ منگل تک ہر صورت دلائل مکمل کر لیں تاکہ فیصلے کیلئے وقت مل سکے۔الیکشن کمیشن نے فریقین کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔