گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا لمحہ فکریہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملے پر اجتماعی و مربوط کوششیں حالات کا تقاضا ہیں
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا گلگت میں سیلابی صورتحال پر بیان
گلگت اسلام آباد (ویب نیوز)
وادی ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر سے پانی کے اخراج میں اضافے کا خطرہ ہے، ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر سے پانی کے اخراج میں اضافے کا خطرہ ہے، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے گلگت بلتستان ایمرجنسی سروسز کی تیاریاں جاری ہیں۔عملے کو ایمرجنسی گاڑیوں سمیت حسن آباد پل کے اطراف میں تعینات کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت میںشیشپر گلیشیئر پر جھیل پھٹنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنے کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو زرداری نے گلگت میں سیلابی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہاکہ یقینی بنایا جائے کہ مقامی آبادیوں کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچے، زمینی راستے بھی کھلے رہیں،امید ہے، انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ عام لوگوں اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہاکہ گلگت کی عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی، بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا لمحہ فکریہ ہے،موسمیاتی تبدیلیوں پر اب شترمرغ کی طرح ریت میں سر مزید چھپایا نہیں جاسکتا،موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملے پر اجتماعی و مربوط کوششیں حالات کا تقاضا ہیں۔