اسلام آباد (ویب نیوز)
امور خارجہ کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے یوکرین کے تنازعے کے جلد حل کیلئے سفارتکاری اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں یوکرین کیلئے بین الاقوامی عطیات جمع کرنے کے بارے میں اعلی سطح کی آن لائن کانفرنس میں جنگ کے تسلسل، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے، بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال اور پناہ گزینوں کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت نے پائیدار امن و سلامتی یقینی بنانے کیلئے طاقت کے استعمال سے گریز، ملکوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام، تنازعات کے قابل قبول حل اور تمام ممالک کی یکساں سلامتی سمیت اقوام متحدہ کے منشور کے عالمی اصولوں کے اطلاق کیلئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان یوکرین کے عوام کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان کی دوسری کھیپ بھیج رہا ہے، پہلی کھیپ اس سال مارچ میں بھیجی گئی تھی جو خوراک اور ادویات سمیت 15 ٹن امدادی سامان پر مشتمل تھی