وزیرستان: دھماکے سے پاک فوج کا سپاہی شہید،ایک دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی (ویب نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دھماکے سے پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا جبکہ شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں پاک فوج کا قافلہ پر دھماکا خیز مواد(آئی ای ڈی) کے دھماکے کی زد میں آیا۔بیان میں کہا گیا کہ دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں پنجاب کے ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ حوالدار محمد سانور نے شہادت پائی۔اس ضمن میں بتایا گیا کہ علاقے میں کارروائی کی جارہی ہے تاکہ علاقے میں کوئی دہشت گرد موجود ہے تو اس کا قلع قمع کیا جائے۔آئی ایس آر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، جس کی شناخت دہشت گرد محمد الطاف کے نام سے ہوئی۔ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران مارا گیا دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھا۔