مرکز اور پنجاب میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے، بلوچستان میں عدم اعتماد ہونے جارہی ہے،ٹویٹ
اسلام آباد (ویب نیوز)
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ حکمران لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے،جلد اہم فیصلے ہوں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چالیس دن پورے ہوگئے بلکہ یوں کہیں ان کاچالیسواں پورا ہوگیا ، آج حکومتی اتحادی کہیں گے کہ حکومت مدت پوری کرے گی، یہ تب بھی نہیں کرسکتے ، مرکز میں اور پنجاب صوبہ میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے، بلوچستان میں عدم اعتماد ہونے جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں 24 گھنٹوں میں 25 ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا گیا لیکن پھر بھی یہ لوگ عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں، دو چار دن اور نیچے بھی ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عظیم سوموٹو لے کر نیب، ایف آئی ے اور اے این ایف میں ان کے کیسز کے خاتموں کی سازش کو ناکام بنادیا ہے، یہ لوگ اپنے کیسز ختم کرنے آئے تھے، اب ان کو دوبارہ جیلوں کے منہ دیکھنے ہوں گے، یہ اپنے جال میں خود ہی پھنس گئے ہیں، جوکھڈا انہوں نے عمران خان کے لئے کھودا تھا اس میں خود ہی گر گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج عظیم جانثار فوج ہے وہ کبھی اپنے لوگوں پر گولی نہیں چلائے گی، معیشت کو مزید تباہ ہوتے بھی نہیں دیکھے گی اور ایک ایسا حل نکالے گی جو ملک کو معاشی ،سیاسی اور انتظامی بحران سے نکال سکے، موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ فوج کو سیاست میں گھسیٹے، نیشنل سکیورٹی کونسل میں پٹرول ،گیس اوربجلی کامسئلہ ان سے حل کرائیں، آرٹیکل 245 کا استعمال بھی کرائیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہوگا، موجودہ حکومت کو شرمندگی اٹھاناپڑے گی۔