ابتدائی حلقہ بندیاں جاری ،قومی اسمبلی کی نشستوں میں کمی، کل نشستیں 326 ہو گئیں
اسلام آباد( ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کے بعد قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد میں کمی کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی رپورٹ شائع کردی ہے، جس کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم کردی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق نئی حلقہ بندیوں میں فاٹا کی 6 نشستوں میں کمی کے بعد قومی اسمبلی کے تمام حلقوں کی تعداد 272 سے کم ہو کر 266 ہوگئی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر متعلقہ حلقے کا ووٹر 30 جون تک اعتراض دائر کرسکتا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن یکم جولائی سے 30 جولائی تک اعتراضات پر فیصلے کرے گا۔خیال رہے کہ سابقہ فاٹا میں قومی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 12 تھی، تاہم قبائلی علاقوں کے خیبر پختون خواہ میں ضم ہونے کے بعد اس کی نشستوں میں کمی کی گئی ہے۔جاری بیان کے مطابق حلقہ بندیوں پر اعتراضات میمورنڈم کی صورت میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام جمع ہونگے، جبکہ اعتراضات اور نقشہ جات کی 8 نقول الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوں گی۔الیشکن کمیشن کا کہنا ہے کہ بذریعہ کوریئر، ڈاک یا فیکس اعتراضات قابل قبول نہیں ہوں گے،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ابتدائی حلقہ بندیاں جاری کردی گئیں جس میں قومی اسمبلی میں کل نشستیں 326 ہو گئی ہیں۔نئی حلقہ بندیوں کے مطابق قومی اسمبلی میں کل جنرل نشستیں 266 ہوں گی اور خواتین کی نشستیں 60 ہوں گی جب کہ پنجاب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 141, سندھ سے 61 ، خیبر پختونخوا سے 45 بلوچستان سے 16 اور اسلام آباد سے 3 ہوں گی۔پنجاب اسمبلی میں کل نشستیں 371 اور جنرل نشستیں 297 ہوں گی ، سندھ اسمبلی میں کل نشستیں 168 ، جنرل نشستیں 130 ہوں گی ، خیبر پختوانخوا اسمبلی میں کل نشستیں 145 اور جنرل نشستیں 115 ہوں گی ، بلوچستان اسمبلی کی کل نشستیں 65 اور جنرل نشستیں 51 ہوں گی۔پنجاب کا قومی اسمبلی کا ایک حلقہ 7 لاکھ 80 ہزار 69 ووٹرز پر مشتمل ہو گا ، سندھ کا قومی اسمبلی کا حلقہ 7 لاکھ 84 ہزار 500 ووٹرز پر مشتمل ہو گا ، خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کا ایک حلقہ 7 لاکھ 88 ہزار 933 ووٹرز پر مشتمل ہو گا ، بلوچستان کا قومی اسمبلی کا حلقہ 77 ہزار 946 ووٹرز پر مشتمل ہو گا ، اسلام آباد کا قومی اسمبلی کا حلقہ 6 لاکھ 67 ہزار 789 ووٹرز پر مشتمل ہو گا۔پنجاب اسمبلی کا ایک حلقہ 3 لاکھ 70 ہزار336 ووٹرز پر مشتمل ہو گا ، سندھ اسمبلی کا ایک حلقہ 3 لاکھ 68 ہزار112 ووٹرز پر مشتمل ہو گا ، خیبر پختونخوا اسمبلی کا ایک حلقہ 3 لاکھ 8 ہزار 713 ووٹرز پرمشتمل ہو گا ، بلوچستان اسمبلی کا ایک حلقہ 2 لاکھ 41 ہزار 864 ووٹرز پر مشتمل ہو گا