عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے 16 جون کو خطاب کریں گے
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہو چکے ہیں۔ بجٹ کے بعد حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بنی گالہ میں اینکر پرسنز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کا سامنا کرنے کے لیے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے، مضبوط قیادت شفاف الیکشن کے ذریعے ہی سامنے آ سکتی ہے، چیری بلاسم اینڈ کمپنی الیکشن کمیشن میں اپنے بندے بٹھا کر دھاندلی کرنا چاہتی ہے۔ موجودہ بجٹ کو آئی ایم ایف کسی صورت نہیں مانے گا، اس وقت پاکستان کو آئی ایم ایف اور دیگر ممالک امداد نہیں کر رہے، عالمی اداروں کو بھی موجودہ حکومت کی نا اہلی کا یقین ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کو یقین ہے عوا م اس حکومت کے ساتھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گیا ہے، آنے والے دنوں میں تیاریوں کے ساتھ اسلام اباد کارخ کروں گا، ہم نے بڑی تعدد میں عوام کو سڑکوں پر نکال کر دکھایا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ دیگر بھی اہم تعیناتی کی جا رہی ہیں، پنجاب پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبادلے ہو رہے ہیں۔ اہم تعیناتیوں، تقرر و تبادلوں کا واحد مقصد الیکشن چوری کی تیاری ہے، ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ کہ لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہو چکے ہیں۔ بجٹ کے بعد لگتا ہے حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی۔ موجودہ سیاسی عدم استحکام سے نکلنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں۔ حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیلصہ کیا ہے۔ انتخابات کی تاریخ ملنے تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت ملک کومعاشی تباہی کی طرف لے کر جا رہی ہے، جولائی سے کمر توڑ مہنگائی کا غریب عوام سامنا کیسے کریں گے۔ حکومت سے نکلنے کے بعد میرے سامنے 2 ہی راستے تھے، طاقتورحلقوں سے معافی مانگ کر پاں پکڑتا یا عوام کے پاس جاتا، میں نے دوسرا راستہ اپنایا اورعوام کے پاس گیا، لگ رہا ہے حالات سے پریشان تمام حلقے بحران سے نکلنے کا سوچ رہے ہیں، عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے 16 جون کو خطاب کریں گے۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عمران خان کو خط کے ذریعے بار سے خطاب کی دعوت دی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وکلا کو شرکت کی دعوت کیلئے نوٹس جاری کر دیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ16 جون دوپہر 11 بجے عمران خان بار سے خطاب کرینگے، وکلا کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز کی اپیل پر سماعت بھی 16 جون کو ہو گی۔ مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے پیش ہونگی۔