اسلام آباد (ویب نیوز)
عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کے حوالہ سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ انڈونیشیاء پاکستان کو دو ہفتوں کے دوران پام آئل کے10بحری جہاز فراہم کرے گا۔ پام آئل کی فراہمی کے حوالہ سے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ انڈو نیشیاء کا دورہ کیااور اپنے انڈونیشین ہم منصب کے ساتھ پام آئل کی پاکستان کو فراہمی کے حوالے سے مذاکرات کئے جو کامیاب ہو گئے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم ہائوس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فوری طور پر انڈونیشیاء پاکستان کو خوردنی تیل کے 10بحری جہاز فراہم کرے گا۔ 30ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آئندہ24گھنٹے میں پاکستان پہنچ جائے گا۔ انڈونیشیاء کل اڑھائی لاکھ ٹن پام آئل پاکستان کو فراہم کرے گا۔پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیاء کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا۔انڈونیشیاء سے پام آئل ملنے کے بعد ملک میں آئل کی قیمتوں میں کمی کے بھی امکانات ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے 10جون کو انڈونیشین صدر جوکو ویدودو سے بات کی تھی اور پاکستان کو پام آئل کی فراہمی کی درخواست کی تھی جس کے بعد وفاقی وزیر برائے صنعت وپیدوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود انڈونیشاء کے دورے پر روانہ ہوئے تھے۔