ای ٹولنگ سسٹم سے ٹول ٹیکس کی وصولی کا درست ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مدد ملے گی،وفاقی وزیر اسعد محمود
اسلام آباد (ویب نیوز)
موٹروے پر سفر کو تیز تر بنانے اور مسافروں کی سہولیات کے پیش نظر اب الیکٹرانک ٹولنگ سسٹم نصب کیا جائے گا،یشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کے درمیان ای ٹولنگ معاہدہ کا دورانیہ 7 سال ہے، وفاقی وزیر اسعد محمود کہتے ہیں ای ٹولنگ سسٹم سے ٹول ٹیکس کی وصولی کا درست ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مدد ملے گی۔ پیر کے روز وزارت مواصلات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کے درمیان موٹر ویز پر ای ٹولنگ کی تنصیب کے لئے معاہدے پر دستخط ہو گئے، معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود مہمان خصوصی تھے۔ وفاقی وزیر اسعد محمود کا کہنا ہے کہ ای ٹولنگ معاہدے کا دورانیہ 7 سال ہے،الیکٹرانک ٹولنگ سسٹم سے ٹول ٹیکس کی وصولی سے متعلقہ درست ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ ای ٹولنگ سسٹم کی بدولت سفر کی روانی یقینی ہوگی، وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔