تعلیم، تحقیق اور مباحثے سے قومیں آگے بڑھتی ہیں،افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید دور سے ہم آہنگ ہونے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تعلیم، تحقیق اور مباحثے سے قومیں آگے بڑھتی ہیں۔ جدید علوم عصر حاضر کی ضرورت ہیں۔ خاص طور پر جو ہماری نوجوان نسل ہے اس کی جو سوچ ہے اور آئیڈیاز ہیں ان کو ہم سنیں گے اور انہیں قومی کی ترقی اور خوشحالی کے استعمال کریں گے۔
ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی پالیسیوں میں عوامی شمولیت کے لئے ”انوویشن ہب”کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے بہت ہی قابل پاکستانی ہیں چاہے وہ پاکستان کے اندر رہ رہے ہیں یا دنیا میںوہ کسی بھی جگہ پر بستے ہوں ان کی انکلوسو کنٹریبوشن کا ہمیں بے پناہ فائدہ ہو گا۔آج کے دور میں جوجدید علوم ، مہارت اور تحقیق ہے اس کی بہت قدرومنزلت ہے۔ اس خلاء کو پُر کرنے کے لئے آج یہ پروگرام شروع کیا جارہا ہے یہ انتہائی قابل تحسین اور اس کو میں ذاتی طور پر پروموٹ کروں گا۔ میں قوم کے بچوں ، بچیوں اور یہاں تک کے بڑے افراد کی بھی حوصلا افزائی کروں گا اور جہاں سے بھی ہمیں ٹھوس تجاویز ملیں گی انہیں خوش آمدید کہا جائے گا اور اس پر پھر ہم عملدرآمد کریں گے تاکہ ملک ہر لحاظ سے آگے جائے اور جو جدید دور کے تقاضے ہیں ان کو پورا کیا جائے۔ دنیامیں جو قومیں آج آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں اورجہاں پر تعلیم ، تحقیق ، ریسرچ ، پیپر لکھے جاتے ہیں، مباحثے ہوتے ہیں ، آئیڈیاز آتے ہیں اوران پر بحث ہوتی ہے اور بڑے اچھے طریقہ سے نتائج اخذ کئے جاتے ہیں ، یہ تمام چیزیں آج کی دنیا میں انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر ڈیپارٹمنٹ اور منسٹری میں ایک سیل قائم کریں گے جہاں پر بڑے تعلیمی یافتہ اور ٹیلنٹڈ لوگ آئیں اوروہ اپنے ڈیپارٹمنٹس میں آئیڈیازدیں گے اور ان پر بحث ہو گی ۔پاور، پیٹرولیم، فنانس کے محکموں میں سیلز قائم کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، معاونین خصوصی شزا فاطمہ خواجہ، سید فہد حسین ، سلمان صوفی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔