مسٹر ایکس نے مسٹر وائی کو دھاندلی کیلئے ملتان پہنچا دیا ہے، حکم ملا ہے کہ پی ٹی آئی کو نہیں جیتنے دینا، چیف الیکشن کمشنر بتائیں کتنی بار مریم ،حمزہ کے پاس گئے؟
یہ صرف دھاندلی کے زریعے انتخابات جیت سکتے ہیں،دھمکیاں دی اور خوف دلایاجا رہا ہے، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے جیلوں میں ڈال دیں گے
حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کو تسلیم کر لیا تو ہم ساری زندگی امریکا کی غلامی کرتے رہیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی
نوجوانوں! آپ نے لوٹوں کو شکست دینی ہے،جب لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک تباہ کر دیتے ہیں، انتخابی جلسہ سے خطاب اور ویڈیو پیغام
بھکر، اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ چاہتے ہیں ہم امریکی غلاموں کو تسلیم کریں، دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے۔جان بھی چلی جائے تو بھی چوروںکو تسلیم نہیں کروں گا، یہ صرف دھاندلی کے زریعے انتخابات جیت سکتے ہیں، حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کو تسلیم کر لیا تو ہم ساری زندگی امریکا کی غلامی کرتے رہیں گے،مجھے خبر ملی ہے کہ مسٹر وائی کے ساتھ مل کر دھاندلی کی تیاری کی ہوئی ہے اور اسے ملتان پہنچا دیا ہے، نوجوانوں! آپ نے لوٹوں کو شکست دینی ہے،جب لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک تباہ کر دیتے ہیں۔ ان خیالات کا ا ظہار انھوں نے پنجاب میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے بھکر میں پی پی 90 میں انتخابی جلسے سے خطاب اور ویڈیو پیغام میں کیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم صرف اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور اللہ ہی سے مدد مانگتے ہیں، ہم اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکتے، اتنی بڑی تعداد میں آنے پر دریا خان کے لوگوں کا مشکور ہوں، ثنا اللہ مستی خیل کو لوٹا بنانے کی پوری کوشش ہوئی مگر وہ نہیں ہوئے، دریا خان سے جو بھی ایم پی اے بنتا ہے وہ ہر بار کیوں لوٹا ہو جاتا ہے، اس گرمی میں دریا خان کے لوگ آئے آپ کو سلام پیش کرتا ہوں، جب انسان کا کوئی قبلہ نہ ہو تو وہ لوٹا ہو جاتا ہے، جہاں فائدہ نظر آتا ہے لوٹے کا منہ اس طرف ہو جاتا ہے، قبلہ نہیں ہوتا تو جہاں سے پیسہ دھمکی ملتی ہے لوٹا وہیں چلا جاتا ہے، جب لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک تباہ کر دیتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں آپ سب نے لوٹوں کو شکست دینی ہے، میں نے آپ کی ڈیوٹی لگانا ہے آپ نے گھر گھر جانا ہے، امریکی سازش کے تحت ہم پر چوروں اور ڈاکووں کو مسلط کیا گیا ،شریف خاندان، بزنس اور سیاست دو نمبر طریقے سے کرتے ہیں، سیاست میں 26 سال سے ان چوروں کا مقابلہ کر رہا ہوں، یہ الیکشن نہیں بلکہ جہاد ہے، یہ چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں ہم ان امریکی غلاموں کو تسلیم کریں، ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے، صحافیوں پر ایف آئی آرز کٹ رہی ہیں، مجھ پر بھی ایف آئی آرز درج ہیں، ہزاروں بھی درج ہوں اور میری جان بھی چلے جائے تو چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔ پی ٹی آئی چیئر مین نے مزید کہا کہ امریکا کے ایک غلام کو وزیراعلیٰ بنایا گیا، غلام وزیراعظم کہتا ہے ہم مجبور اور بھکاری ہیں اس لیے امریکا کی غلامی کرنی ہے، ان کا وزیر خواجہ آصف کہتا ہے ہم زندہ ہیں تو امریکا کی وجہ سے ہیں، ہم ان کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ اور جدوجہد کرنی ہے، ان کو تسلیم کر لیا تو ہم ساری زندگی امریکا کی غلامی کرتے رہیں گے، شریف اور زرداری خاندان 32 سال سے حکومت کر رہا ہے، 32 سال بعد بھی کہتے ہیں ہمارا ملک غریب ہے، یہ مہنگائی کم کرنے آئے تھے، چوروں نے آتے ہی مہنگائی مزید بڑھا دی۔ یہ چوری ختم کرنے نہیں بلکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے آئے ہیں۔ کراچی میں بارش کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ یہ کراچی کا پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر بھیج دیتے ہیں، کراچی ملک معاشی حب ہے، ان چوروں نے اس شہر کا کیا حال کر دیا۔ سابق وز یراعظم نے کہا کہ ان چوروں کی مہم چلانے والی جھوٹوں کی شہزادی ہے، 8 سال پہلے کہتی تھی میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہیں ہے، سلیمان شہباز کک بیکس اسپیشلٹ کو بھی آپ نے سن لیا ہے، پاناما پیپرز آتے ہیں پتہ چلتا ہے ان لوگوں نے دولت چھپائی ہوئی تھی، پاناما پیپرز میں پتہ چلا لندن میں چار محلات مریم نواز کے ہیں، انکشاف کے بعد مریم کا بھائی کہتا ہے الحمد للہ میرے اپارٹمنٹس ہیں۔ غیر آئینی طور پر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز بھی چور ہے، اس ملک کی سب سے بڑی بیماری بھی آپ کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ عمران خان نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کتنی بار مریم اور حمزہ کے پاس گئے تھے، چیف الیکشن کمشنر بتاو کس طرح دھاندلی کر رہے ہو، انہوں نے دھاندلی کرنے کا پروگرام بنایا ہوا تھا، پاکستانیو! تیار ہو جاو اب یہ چور دھاندلی کے لیے اتر رہے ہیں، ایک مسٹر ایکس ہے مجھے خبر ملی ہے کہ تم نے مسٹر وائی کے ساتھ مل کر دھاندلی کی تیاری کی ہوئی ہے اور مسٹر وائی کو ملتان پہنچا دیا ہے۔ دھاندلی کے تیاری کے ساتھ وہ لوگوں میں خوف پھیلا رہے ہیں، دھاندلی کی کوشش کی گئی تو بتانا چاہتا ہوں عوام پھینٹی لگائیں گے۔ دوسری جانب ایک ویڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے خاص پیغام دینا چاہتا ہوں، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہے، ملک پر بیرونی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا، چوروں نے اقتدار میں آ کر اپنی چوری بچانے کے لیے 11 سو ارب کا ڈاکہ مارا۔ امپورٹڈ حکومت نے ملک کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا اور معیشت تباہ کردی، سب نوجوانوں کو خود بھی نکلنا ہے اور عام عوام کو بھی نکالنا ہے، یہ چور صرف ایک طرح الیکشن جیت سکتے ہیں اور وہ دھاندلی ہے۔ ہمیں مل کر دھاندلی کو شکست دینی ہے اور انشااللہ ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ احسن اقبال کے منہ پر لوگوں نے انہیں سچ بولا ہے، آپ چور نہیں ڈاکو ہیں، نواز شریف، شہباز شریف ، حمزہ شہباز سب ہی چور ہیں۔ آصف علی زرداری اور ان کا ٹولہ سندھ میں 14 سال سے اقتدار میں ہے، جو پیسہ کراچی کی بہتری کے لئے خرچ ہونا تھا وہ باہر چلا جاتا ہے۔دھاندلی کے تیاری کے ساتھ یہ لوگوں میں خوف پھیلا رہے ہیں، ہر دور میں یزید ہوتے ہیں جو لوگوں پر خوف طاری کرکے انہیں غلام بناتے ہیں، لوگوں کو خوف کا بت توڑنا ہے۔