کولمبو (ویب نیوز)
سری لنکا کے صدرگوٹابایا راجا پاکسے فوجی طیارے میں ملک سے فرار ہوکر مالدیپ پہنچ گئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن صدر فوجی طیارے میں مالدیپ پہنچے۔حکومتی ذرائع نے سری لنکن صدر راج پاکسے کے ملک سے فرار ہوکر مالدیپ پہنچنے کی تصدیق کردی۔رپورٹ کے مطابق سری لنکن صدر نے ملک چھوڑنے سے چند گھنٹے قبل ہی مستعفی ہونے کا بھی فیصلہ کیا تھا جبکہ وہ اپنے دو باڈی گارڈ اور اہلیہ کے ہمراہ ایئرفورس کے جہاز میں ملک سے فرار ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سری لنکن صدر کے قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ راجا پاکسے اس وقت مالدیپ کے دارالحکومت مالے میں ہیں، جہاں سے وہ کسی دوسرے ایشیائی ملک منتقل ہوجائیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے امیگریشن حکام کا موقف ہے کہ راجا پاکسے کو قوانین کے مطابق نہیں روک سکتے تھے۔سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے بعد حکمران اشرافیہ کے خلاف شدید احتجاج اورمظاہرے جاری ہیں۔ چند روز قبل ہزاروں مشتعل مظاہرین نے صدارتی محل پردھاوا بول دیا تھا جس کے بعد صدر گوٹابایا کی روپوشی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔اس سے قبل صدر گوتابایا راجا پاکسے نے اپنے عہدے سے استعفی دینے کا وعدہ کیا تھا۔میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ صدر کے بھائی اورسری لنکا کے سابق وزیرخزانہ بسل راجا پاکسے بھی ملک سے فرار ہوکر امریکا پہنچ گئے ہیں۔سری لنکا میں عوام کو سنگین معاشی بحران کے باعث گذشتہ کئی ماہ سے بدترین لوڈشیڈنگ، ایندھن ، خوراک ، دواں اوردیگربنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔