دونوں خاندانوں نے ہر جگہ جعلی ووٹ بنوائے ہوئے ہیں، مسٹر ایکس اور وائے کو حکم ملا ہے کہ چوروں کو جتوانا ہے
ملک میں ایمانداری سے چلنے نہیں دیا جاتا، ہم نے ایسا پھینٹا لگانا ہے کہ یہ لوگ یاد رکھیں گے، جنگ حقیقی آزادی کی ہے،جھنگ میں جلسہ سے خطاب
جھنگ (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی سازش کے تحت منتخب حکومت گرانے والے غدار، قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے، 17 جولائی کو لوٹوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے، دھاندلی کی کوشش کے باوجود مخالفین کو شکست دیں گے، 17 جولائی کا الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا،ہم نے ایسا پھینٹا لگانا ہے کہ یہ لوگ یاد رکھیں گے، جنگ حقیقی آزادی کی ہے،بدقسمتی سے ملک میں ایمانداری سے چلنے نہیں دیا جاتا، ساری قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جھنگ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث پہنچنے میں تاخیر ہوئی جس پر معذرت چاہتا ہوں، یہاں اس لیے آیا ہوں کیونکہ ہمارا نمائندہ لوٹا ہوگیا ہے، بچے بھی جان چکے ہیں کہ لوٹا کون ہوتا ہے، لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے، پاکستان کے عوام غیرت مند ہیں، لوٹا صرف وہ نہیں جو غسل خانے میں استعمال ہوتا ہے، ضمیر کا سودا کرنے والا بھی لوٹا ہوتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکتے اور نہ ضمیر کا سودا کرتے ہیں، ہمارا ملک عظیم ملک نہیں بن سکا، ہم سچ اور حق پر کھڑے ہوتے ہیں، لوٹے وہ لوگ ہیں جو پیسے لے کر عوام کے ووٹ بیچتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کے آئین کے خلاف جاتے ہیں، لوٹے ملک کے ساتھ غداری کرتے ہیں، سازش کے ذریعے منتخب حکومت گرائی گئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کا الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، ہم نے الیکشن جیت کر ملک کو امریکا کے غلاموں سے بچانا ہے، یہ لوگ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کرتے ہیں، ہم اپنے پولنگ ایجنٹس کو بتا رہے ہیں کہ یہ کن طریقوں سے دھاندلی کرتے ہیں، سارا وقت اس پر لگ رہا ہے کہ دھاندلی کیسے روکی جائے۔ عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے زندگی میں کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی، نواز شریف کرکٹ میں بھی اپنے امپائر کھڑے کرتا تھا، نواز شریف نے اقتدار میں آکر کرپشن کی، نواز شریف نے اقتدار میں آکر 18 فیکڑیاں بنائیں، ہمارا مقابلہ شریف خاندان، لوٹوں اور الیکشن کمیشن سے ہے، چیف الیکشن کمشنر خفیہ طور پر حمزہ اور مریم سے ملتا رہا ہے، لاہور میں مسٹر ایکس بیٹھا ہوا ہے، مسٹر ایکس نے مسٹر وائے کو ملتان بھجوایا ہوا ہے، ہم نے ان کے امپائروں کے باوجود یہ میچ جیتنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم آنے سے دھاندلی کا نظام ختم ہوجانا تھا، دو خاندان 35 سال سے پاکستان پر مسلط ہیں، دونوں خاندانوں نے ہر جگہ جعلی ووٹ بنوائے ہوئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور ان دونوں خاندانوں نے ای وی ایم کی مخالفت کی، مسٹر ایکس اور وائے کو حکم ملا ہے کہ چوروں کو جتوانا ہے، اتوار کو جب نتیجہ آئے گا میں آپ کے پاس جشن منانے آوں گا، ہم نے ان کو ایسا پھینٹا لگانا ہے کہ یہ یاد رکھیں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ سندھ کا الیکشن کمشنر ان کا ملازم ہے، ان سے تنخواہ لیتا ہے، سندھ میں جس طرح بلدیاتی انتخاب ہوئے اس پر الیکشن کمیشن کو اقدام اٹھانے چاہیے تھے، جے یو آئی ف اور ایم کیو ایم نے بھی دھاندلی کی شکایت کی، سندھ میں دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر میں اخلاقی جرات ہوتی تو مستعفی ہوجاتے۔ سندھ بلدیاتی الیکشن میں 15 فیصد سیٹوں پر بلا مقابلہ امیدوار منتخب ہوئے۔ سپریم کورٹ نے کہا سینیٹ الیکشن میں اوپن ووٹ ہونا چاہیے، سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی ہے، سینیٹ الیکشن میں کروڑوں روپے چلے، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پکڑا گیا، جب یہاں آرہا تھا تو سزا یافتہ کی تصویر نظر آئی، سزایافتہ کے ساتھ بھگوڑے کی بھی تصویر دیکھی، حمزہ ککڑی غیر آئینی وزیراعلیٰ ہے، باپ بیٹوں پر 16 ارب کے کرپشن کیسز ہیں، میرجعفروں اور میرصادقوں نے چوروں کو ہم پر مسلط کیا، انہوں نے آتے ہی 1100 ارب روپے نیب قوانین کی ترمیم سے معاف کرا لیا۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں کوئی تصور نہیں کرسکتا کہ سزایافتہ خاتون کی تصویر لگی ہو، مغربی ممالک میں طاقتور ڈاکووں کو جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، ڈاکو ہمارے اوپر مزید مسلط رہ گئے تو اور تباہی مچائیں گے، یہ الیکشن نہیں حقیقی آزادی کیلئے جہاد ہے، سری لنکا کی طرح سندھ میں بھی ایک خاندان بادشاہ بنا ہوا ہے، سری لنکا کا حکمران خاندان بھی پیسہ چوری کر کے باہر بھیج رہا تھا، حکمران چوری کر کے ارب پتی بن گئے اور سری لنکا کا دیوالیہ نکل گیا، شہباز شریف 50 ارب کے اشہتاروں پر اپنی کارکردگی دکھاتا تھا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ یہ جنگ عمران خان کی نہیں حقیقی آزادی کی جنگ ہے، مہنگائی آسمانوں پر اور معیشت زمین پر ہے، جو پیسہ آتا ہے وہ آپ کے لندن میں بڑے بڑے محلات میں چلا جاتا ہے، یہاں سے لوگ باہر جا کر محنت کرتے ہیں اور پاکستان پیسہ بھیجتے ہیں، یہ ڈاکو یہاں سے چوری کر کے ملک سے پیسہ باہر بھیج دیتے ہیں، یہ پھر کہتے ہیں کہ ہم مانگنے نہیں آئے ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا ہے کہ ہمارا ملک عظیم ملک نہیں بن سکا کیونکہ ہم اصولوں پر نہیں چلے۔ لوگ سمجھتے تھے کہ شہباز شریف کوئی بہت بڑی چیز ہے، اب ساری قوم کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا، اب مہنگائی آسمانوں پر اور معیشت زمین پر ہے۔