ڈاکٹرعارف علوی کا جموں و کشمیر کے یوم الحاقِ پاکستان کے موقع پر پیغام
اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم ، تفریق اور ناانصافی کے باوجود کشمیریوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، عالمی برادری آرٹیکل 35اے اور 370معطل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو ختم کرائے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جموں و کشمیر کے یوم الحاقِ پاکستان کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد میں اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم بہادر کشمیری عوام کی تاریخی جہدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم دہراتے ہیں اور جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔اس موقع پر صدر پاکستان نے گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کی اور کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے حق ِخودارادیت کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ بھارت نے غیرقانونی اور یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا ، اسکے علاوہ بھارت کے ڈومیسائل اور ملکیتی قوانین مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کیلئے تبدیل کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہندوتوا بھارتی حکومت کے ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی قراردادوں ، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے پرامن حل پر منحصر ہے اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ عالمی برادری آرٹیکل 35اے اور 370معطل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو ختم کرائے۔